انتونیو گوترش

دنیا 1945کی عالمی جنگ سے سبق سیکھے، انتونیو گوترش

اقوام متحدہ (عکس آن لائن) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے گزشتہ روز دوسری جنگ عظیم میں اپنی جانوں کا نزرانہ پیش کرنے والے لاکھوں لوگوں کو یادکرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو1945کی عالمی جنگ سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق انتونیو گوترش نے دوسری عالمی جنگ میں یورپ کی فتح کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہاکہ ہمیں ہولوکاسٹ اور نازیوں کے ذریعہ ہونے والے دوسرے سنگین اور خوفناک جرائم کو کبھی بھی فراموش نہیں کرنا چاہئے۔ مئی 1945 میں فاشزم اور ظلم پر فتح نے ایک نئے دور کا آغاز کیا۔ 8 مئی 1945کو جرمنی کے ہتھیار ڈالنے کے اعلان نے دوسری جنگ عظیم کے یورپی مرحلے کو باضابطہ طور پر ختم کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی یکجہتی اور ہماری مشترکہ انسانیت کے لئے قدر کی بدولت اقوام متحدہ کی پیدائش ہوئی جس کا مقصد آنے والی نسلوں کو جنگ کی لعنت سے بچانا تھا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا ابھی بھی تنازعات کے اثرات سے دوچار ہے اور کورونا وائرس کے اس عالمی بحران کے دوران بھی لوگوں کو تقسیم کرنے اور نفرت پھیلانے کی نئی کوششیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیں 1945 کے اسباق کو یاد رکریں اور اس وبا کو ختم کرنے اور سب کے لئے امن ، حفاظت اور وقار کا مستقبل بنانے کے لئے مل کر کام کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں