شاہ محمود قریشی

دنیا کو بتائیں گے بھارت کس طرح دہشت گردی کی فنڈنگ کرتا ہے، شواہد ہر فورم پر پیش کریں گے،شاہ محمود قریشی

اسلام آ باد (عکس آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا کو بتائیں گے بھارت کس طرح دہشت گردوں کو فنڈنگ کرتا ہے ، شواہد ہر فورم پر پیش کریں گے، بھارت کی مقبوضہ کشمیر کی پالیسی مکمل ناکام ہو چکی ہے، کورونا کے دوران جو ہلاکتیں بھارت میں ہوئیں اس میں وہ بے نقاب ہوچکے ہیں، بھارتی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر ر ہی ہے،اب وقت آگیا ہے کہ افغان مہاجرین اپنے گھروں کو لوٹ جائیں۔ افغان مہاجرین کی واپسی کا مناسب نظام ہونا چاہیے۔

پیر کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی دہشت گردی کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائیں گے۔ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر کی پالیسی بالکل ناکام ہو چکی ہے، مقبوضہ قیادت نے نریندر مودی سے ملاقات میں 5 اگست کے اقدامات پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت معاشی مشکلات سے دوچار ہے، وہاں بیروزگاری بڑھی ہے، بھارت اپنے اندرونی معاملات سے توجہ ہٹانے کے لیے یہ اقدامات کر رہا ہے۔ افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے افغان بھائیوں کی بے پناہ خدمت کی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ افغان مہاجرین اپنے گھروں کو لوٹیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مہاجرین کی خدمت کرتے ہیں، دوسری جانب افغان حکومت ہم پر الزام لگاتی ہے، افغان مہاجرین کی واپسی کو امن عمل کا حصہ بنانا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں