سپیکر قومی اسمبلی

دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے والے بہادر سپوتوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد (عکس آن لائن)اسپیکر راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی کا قاہان بلوچستان میں کلیرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ دھماکے سے کیپٹن فہد اور انکے دیگر ساتھیوں کی قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار ہے ۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ کیپٹن فہد اور ان کے ساتھیوں نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے شہادت کا رتبہ پایا۔انہوںنے کہاکہ کیپٹن فہد اور ان کے دیگر ساتھیوں کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے بلندی درجات کیلئے دعا اور لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کااظہار کیا ۔

انہوںنے کہاکہ پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کے جذبہ حب الوطنی اور شہادت کو پوری قوم کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ شہداء ہماری قوم کے حقیقی ہیرو اور ہمارے ماتھے کا جھومر اور فخر ہیں، پورے پاکستانی عوام اپنے شہداء کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ملک کے امن کو سبوتاڑ کرنے والے کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے والے بہادر سپوتوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ اللہ تعالیٰ ہمارے شہداء کے درجات بلند فرمائے، انکے لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں