شان مسعود

خوش ہوں کہ لیگ کے میچز اب کراچی اور لاہور سے دیگر شہروں میں منتقل ہورہے، شان مسعود

اسلام آباد (عکس آن لائن)ملتان اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیمز پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچوں کی میزبانی کررہے ہیں ، لیگ میں شامل کْل 34 میں سے 11 میچز ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائینگے ۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کْل 3 ،کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کْل 8 میچز کھیلے جائیں گے۔ پانچ ٹیسٹ اور سات ایک روزہ میچوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرنے والے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلاانٹرنیشنل میچ اگست 2001 میں کھیلا گیا، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نیایک اننگز اور264رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

10ٹیسٹ اور23 ایک روزہ میچوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرنے والیپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلاانٹرنیشنل میچ جنوری 1992میں کھیلا گیا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے ا س ایک روزہ میچ میں میزبان ٹیم نے117رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ دونوں اسٹیڈیمز اب تک کسی انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ کی میزبانی نہیں کرسکے مگر دونوں مقامات پر متعدد مرتبہ ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹس کھیلے جاچکے ہیں۔ ملتان اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیمز میں ڈومیسٹک میچز کھیلنے والے قومی کرکٹرز کو اب ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران دونوں شہروں میں شائقین کی ایک بڑی تعداد کے اسٹیڈیم کا رخ کرنے کی امید ہے۔ شاہد آفریدی اور شان مسعود ایونٹ میں ملتان سلطانز جبکہ فہیم اشرف اور آصف علی اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کررہے ہیں۔

ملتان سلطانز کے آلراؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں ملتان سلطانز پہلی مرتبہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر میچ کھیلے گی۔ انہیں امید ہے کہ ملتان کے شہری اپنی پسندیدہ ٹیم کو اسپور ٹ کرنے اسٹیڈیم ضرور آئیں گے۔شاہد آفریدی کا کہناہے کہ وہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہیں یقین ہیکہ وہ جارحانہ بلے بازی اور اپنی اسپن باؤلنگ کے ذریعے ملتان اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کریں گے۔ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل کے مکمل ایڈیشن کا پاکستان میں انعقاد خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہاکہ خوشی کی بات ہے کہ لیگ کے میچز اب کراچی اور لاہور سے دیگر شہروں میں بھی منتقل ہورہے ہیں۔شان مسعود نے کہا کہ یہ ایک مہینہ پاکستان کرکٹ کے لیے بہت پرجوش لمحات پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ بطورملتان سلطانز وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر تین میچز کھیلنے کے لیے بیتاب ہیں۔شان مسعود نے کہاکہ ملتان کے شہری کرکٹ سے پیار کرتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ قومی اور بین الاقوامی ستاروں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے جوق در جوق ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے آلراؤنڈرفہیم اشرف کا کہنا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ تھے۔ انہوں نے کہاکہ وہ فائنل الیون میں جگہ تو نہیں بناسکے مگرباؤنڈری کے باہر بیٹھ کر جس طرح وہ شائقینِ کرکٹ سے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم سے میچ کا لطف اٹھارہے تھے وہ ناقابل فراموش لمحات تھے۔فہیم اشرف نے کہاکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچز پہلی مرتبہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہورہے ہیں، انہیں امید ہے کہ شائقین کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم کا رخ کرے گی اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول لیگ کے تمام 8 میچز میں ہاؤس فل ہوگا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مڈل آرڈر بلے باز آصف علی کے مطابق وہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جارحانہ بلے بازی کے ذریعے شائقین کرکٹ کو محظوظ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ آصف علی نے کہاکہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، اسلام آباد یونائیٹڈ کا ہوم گراؤنڈ ہے اور یہاں انہیں تماشائیوں کی بھرپور اسپورٹ ملنے کی امیدبھی ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ پہلی مرتبہ لیگ کی میزبانی کرنے والے شائقین کو بہترین کرکٹ فراہم کریں گے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 بیس فروری سے بائیس مارچ تک کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی۔ ایونٹ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں