ترجمان دفتر خارجہ

خطے میں کشیدگی نہیں چا ہتے ، امن کی کوششوں کی حمایت کریں گے، پاکستان

اسلام آباد (عکس آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور کسی بھی قسم کی کشیدگی کا حصہ نہیں بن سکتا ہے، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی خطے کے لئے خطرہ ہے، امریکی صدر ٹرمپ کی تقریر میں امن کی جانب عندیہ ہے اور سب امن کو ایک موقع دیں۔ جمعرات کو میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا اور پاکستان اس تنازعہ کے خاتمے کی کوششوں کا حصہ بنے گا جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے خطے میں تبدیلیوں پر مختلف وزرائے خارجہ سے رابطہ کیا ہے۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی خطے کے امن کےلئے خطرہ ہو گی جبکہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور اس حوالے سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر پالیسی بیان دے چکے ہیں، پاکستان نے موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ایران، افغانستان اور دیگر ممالک کے ساتھ گہرے تاریخی تعلقات ہیں اوردوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریر میں امن کا عندیہ ہے اور امن کو موقع دینا چاہیے، پاکستان خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کا خیر مقدم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاﺅن کو158دن ہو گئے ہیں اور وادی کے 80لاکھ لوگ بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں جبکہ بھارت کے غیر قانونی اقدام کو پوری دنیا میں مخالفت کا سامنا ہے اور بھارت غیر ملکی سفارتکاروں کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرانے کا ارادہ رکھتا ہے جبکہ امید ہے کہ سفارتکاروں کو حریت قیادت سے ملنے کی اجازت ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں