خدمت آپ کی دہلیز پروگرام

خدمت آپ کی دہلیز پروگرام کے تحت تحصیل کونسل ننکانہ کا عملہ سارا دن فیلڈ میں مصروف رہا

ننکانہ صاحب (نمائندہ عکس آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر خدمت آپ کی دہلیز پروگرام کے تحت تحصیل کونسل ننکانہ صاحب کا عملہ سارا دن فیلڈ میں مصروف رہا اور مین روڈز اور مختلف دیہات میں گندگی کے ڈھیروں کو اٹھوانے کے علاوہ وال چاکنگ کے خاتمہ اور بینرز اتارنے میں مصروف رہا

اس موقعہ پر چیف آفیسر تحصیل کونسل ننکانہ صاحب عزیر انور نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد کی خصوصی ہدایت پر خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کے تحت مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تحصیل کونسل ننکانہ صاحب کے افسران اور ملازمین کی ڈیوٹیاں لگا ئی گئی ہیں جو عملہ صفائی اور ہیوی مشینری کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنانے میں مصروف ہے جبکہ تمام تر ایکٹیویٹی کی صفائی سے قبل اور بعد کی تصاویر حکومت کی طرف سے تیار کردہ کارکردگی ایپ پر بھی لوڈ کی جارہی ہے

انہوں نے بتایا کہ مہم کے پہلے ہفتہ میں کوڑاکرکٹ کے ڈھیروں کو ختم کروانے کے علاوہ وال چاکنگ اور پرانے بینرز کو اتروایا جائے گا، دوسرے ہفتہ میں سیوریج لائنوں اور نالوں کی صفائی ستھرائی جبکہ تیسرے ہفتہ میں پارکس، گرین بیلٹ کی صفائی ستھرائی اور عمارتوںکو رنگ و روغن کیا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کے تحت مہم کو کامیاب بنانے کے لئے شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ ایک صاف ستھرائی اور خوشگوار ماحول میسر آسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں