مولانا فضل الرحمن

حکومت کی اس وقت حالت تعفن پھیلاتی ہوئی لاوارث مردہ لاش کی ہے،مولانا فضل الرحمن

سکھر(عکس آن لائن) جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کی اس وقت حالت تعفن پھیلاتی ہوئی لاوارث مردہ لاش کی ہے، اب دوبارہ ہماری تحریک اس کی تدفین کیلئے ہے ، ہمیں دھرنے والے شیخ رشید پہلے بھی ہمارے دھرے جانے کی بات کرتے تھے اکتوبر کے آزادی مارچ کے موقع پر ان کو انڈیا کے حملے کا خطرہ نظر آرہا تھا اب حالات کی خرابی کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں، عمران خان کی جانب سے ان کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کرنے کا بیان الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کی کہاوت کے مترادف ہے۔

مقامی ترجمان کے مولانا عبدالحق مہر کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے خلاف مقدمہ درج کرنے اور دھرے جانے کے بیان دینے والوں کی اوقات ہم جانتے ہیں ایسی بات ہے تو میں حکمرانوں سے کہتا ہوں کہ تیار رہو ہم پہلے سے بھی دوگنا بڑا مارچ لیکر آرہے ہیں۔ دیکھتے ہیں تم کیسے ہم کو روکتے ہو ؟ قائد جمعیت نے کہا کہ پوری قوم موجودہ حکومت کو نااہل ناکامی سے بیزار ہوچکی ہے مہنگائی، بیرزگاری ، بدامنی اور معاشی بحران خطرے کے نشان سے اوپر ہوچکی ہے عوام سیخ پا اور ماتم کناں ہیں، حالات حکومت کے کنٹرول سے نکل چکے ہیں، ہم اس کے خلاف احتجاج کرتے ہیں تو مقدمات کی دھمکیاں دے کر ڈرانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اب میڈیا کو بھی دبانے کی سازش کی جا رہی ہے حکمراں چاہتے ہیں کہ حکومت کو زہر دیکر شہیدکہا جائے۔

ہم نے شروع دن سے یزید وقت کی بعیت سے انکار کیا ہے۔ اب بھی اس جعلی سلیکٹڈ نااہل اور ناکام حکومت کو مسترد کرتے ہیں اور اسکے خلاف کھلا اعلان بغاورت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ نااہل حکومت کو مدینہ کی ریاست کی آڑ میں چھپنے نہیں دینگے۔انہوں نے کہا کہ عوام اب موجودہ حکومت کے جھانسے اور دھوکے میں نہیں آئیگی۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ 27 فروری کو کراچی میں سندھ کی تاریخ کا بڑا جلسہ کر کے حکومت کو بتادینگے عوام ہمارے ساتھ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں