چھوٹے کاروبار

حکومت چھوٹے کاروبار کو نظر انداز کرنے کی پالیسی کو ترک کرے ‘ پاکستان انجمن تاجران

لاہور(عکس آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہاہے کہ مہنگائی کی شرح میں کمی کی بجائے اضافہ ہونا تشویش کا باعث ہے ، بیروزگاری اور مہنگائی کی رفتار کے مقابلے میںآمدن نہ بڑھنے کی وجہ سے لوگوں کی قوت خرید میں کمی ہو رہی ہے اور جس کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ، حکومت مقامی سطح پر سرمائے کی قلت پیدا ہونے کے جواز سے آگاہی حاصل کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل محبوب علی سرکی، لاہور کے صدر میاں طارق فیروز، سینئر نائب صدر میاں سلی،جنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ،چیئرمین انجمن تاجران لاہور حافظ عطا اللہ اور وائس چیئرمین ملک ناظم بھی موجود تھے۔اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت چھوٹے کاروبار کو نظر انداز کرنے کی پالیسی کو ترک کرے اور اس کی ترقی کے لئے جامع پالیسی بنائی جائے، ملک بھر میں لاکھوں تاجر ملک کی ایک بڑی آبادی کوروزگار کی فراہمی کا ذریعہ ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اربوں روپے کے ٹیکسز کی ادائیگی بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی شرح میں اضافے کی وجہ سے کاروبار ی طبقے خصوصاچھوٹے تاجروں کیلئے مسائل بڑھ گئے ہیں ، مطالبہ ہے کہ حکومت پیٹرولیم اور یوٹیلٹی بلز کی قیمتوں کو نیچے لا کر ایک سطح پر منجمد کرے اور ٹیکسز کی شرح میں بھی کمی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں