جمشید اقبال چیمہ

حکومت عوام پر منی بجٹ کی صورت میں مہنگائی کا ایک اور بم گرانے جارہی ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ

لاہور(عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ،فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط ماننے کا فیصلہ کر چکی ہے جس کے بعد عوام پر منی بجٹ کی صورت میں مہنگائی کا ایک اور بم گرنے لگا ہے ،دنیا میں اگلے سال مہنگائی کی شرح 3سے4فیصد جبکہ پاکستان میں 30فیصد سے اوپر رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ، حالیہ مہینوں میں کئے گئے سروے میں 70فیصد عوام کی متفقہ رائے ہے کہ ملک میں فوری عام انتخابات کرائے جائیں لیکن ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والوں نے اس مطالبے کو پورا کرنے کی بجائے اپنی آنکھیں اور کان بند کر رکھے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 121میں مہنگائی کے خلاف نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ احتجاجی ریلی صدر گول چکر سے شروع ہو کر جوڑے پل ، غازی آباد روڈ ، مغلپورہ پورہ اور دھرمپورہ سے ہوتے ہوئی واپس صدر گول چکر پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔ ریلی میں تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ ، محمد علی خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ ریلی کے شرکاء سارے راستے مہنگائی اور وفاقی حکومت کے خلاف نعرے لگاتے رہے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ امپورٹڈ ٹولے نے ملک کو معاشی طور پر جس نہج پر پہنچا دیا ہے تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔

زراعت سے ہماری صنعتیں چلتی ہیں جس سے لاکھوں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے لیکن زراعت کا شعبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے ۔ امپورٹڈ ٹولے کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ 23کروڑ عوام کا ملک قحط کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ امپورٹڈ ٹولے کو اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز میں کلین چٹ کے سرٹیفکیٹس لینے سے فرصت نہیں ۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ رجیم چینج آپریشن کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا گیا ۔ملک میں آٹے کے بعد خوردنی تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کا بحران سر پر ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کا ماحول بن رہا ہے اور عوام کی بھرپور طاقت سے تحریک انصاف بھاری اکثریت سے وفاق سمیت چاروں صوبوںمیں حکومتیں بنائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کی شرائط ماننے جارہے ہیں جس سے آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید 40سے50فیصد بڑھ جائے گی اور اس سے مزید کروڑوں لوگ خط غربت سے نیچے چلے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں