حج آپریشن

حج پروازوں کا شیڈول جاری، پہلی حج پرواز 6 جون کو روانہ ہوگی

اسلام آ باد (نمائندہ عکس) وزارت مذہبی امور نے حج پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا ، 106 حج پروازوں کے ذریعے 32 ہزار عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا جبکہ پہلی حج پرواز 6 جون کو اسلام آباد سے روانہ ہو گی اور اسلام آباد سے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت 42 پروازیں چلائی جائیں گی۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق فلائٹ شیڈول ویب سائٹ پر آویزاں، عازمین کو موبائل میسج جاری کر دیئے گئے ہیں، عازمین حج پریشانی سے بچنے کیلئے شیڈول پر سختی سے عمل کریں۔ علاوہ ازیں عازمین حج جاری شیڈول کے مطابق قریبی اعتماد سینٹر سے بائیو میٹرک کروائیں، عازمین لازمی ویکسینز، شناختی لاکٹ، پاسپورٹ، حج ویزہ، ٹکٹ، ریسٹ بینڈ کے حصول کیلئے حاجی کیمپ رابطہ کریں۔

ترجمان مذہبی امور کا کہنا ہے کہ پرواز سے 72 گھنٹے کے اندر کوویڈ پی سی آر ٹیسٹ سعودی منظور شدہ 6 لیبارٹریز سے کرانا لازمی ہے، عازمین حج کی سہولت کیلئے حاجی کیمپوں میں منظور شدہ لیبارٹریوں کے بوتھ قائم کر دیئے گئے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سعودی عرب روانگی کیلئے عازمین حج کا پی سی آر(منفی) ٹیسٹ سرٹیفکیٹ لازمی ہو گا جبکہ پی سی آر ٹیسٹ کے واجبات 4250 روپے عازمین حج کو خود دینا ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں