حافظ آباد

حافظ آباد:وزیر اعظم عمران خان کاحافظ آباد میں 7نومبر کو ہونے والا جلسہ حافظ آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ثابت ہوگا۔

حافظ آباد(نمائندہ عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنما ،سابق ایم این اے چودھری مہدی حسن بھٹی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کاحافظ آباد میں 7نومبر کو ہونے والا جلسہ حافظ آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ثابت ہوگا۔حافظ آباد پنجاب کا سب سے چھوٹا ضلع ہے ملکی تاریخ میں کسی بھی وزیر اعظم کا حافظ آباد شہر کے اندر پہلا خطاب ہوگا اور اس سلسلہ میں تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے اس دورہ میں سائنس اینڈ آرٹس یونیورسٹی آف حافظ آباد کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ چارسو بیڈپر مشتمل جدید قسم کے ہسپتال کے تعمیر،کیڈٹ کالج، انڈسٹریل فری زون، ڈرائی پورٹ کالیکی منڈی، انڈر پاس اندرون شہر ریلوے پھاٹک، پرائم منسٹری ہاؤسنگ سکیم جیسے بڑے منصوبے کا اعلان بھی کریں گے اور بعدازاں میونسپل اسٹیڈیم میں عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی۔ٹی۔آئی کی حکومت ملک وقوم کی تعمیر وترقی کے حوالے سے عملی اقدامات کررہی ہے۔

جبکہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں ملکر ملک میں احتجاجی سیاست کو فروغ دے رہی ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں جو احتجاجی سیاست کررہی ہیں اس سے ملک کو نقصان ہورہا ہے۔ ہماری حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی۔ ماضی میں ن لیگ کی حکومت نے حافظ آباد میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان تو کیا لیکن اس پر عمل نہ ہوسکا۔ پی۔ٹی۔آئی کی موجودہ حکومت عمران خان کی قیادت میں حافظ آباد میں پہلی یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھے گی جسے ضلع کی تاریخ میں ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حافظ آباد میں لاک ڈاون کے دوران غریب مستحقین میں ایک ارب سے زائد کی رقم تقسیم کی گئی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

پی۔ٹی۔آئی کی حکومت نے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے جس سے ضلع کے بہت سارے مسائل حل ہوں گے۔جلسہ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور 7نومبر کو وزیر اعظم کا یہ جلسہ حافظ آباد کی ترقی کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔اس حوالے سے انہوں نے اہلیان حافظ آباد سے پر زور اپیل کی ہے کہ جلسہ عام میں بھرپور شرکت کرکے اپنے قائد کا والہانہ استقبال کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں