تیل نکالنے والی فیکٹری

حافظ آباد، پریم کوٹ میں ٹائر جلا کر تیل نکالنے والی فیکٹری اہل علاقہ کے لیے وبال جان بن گئی

حافظ آباد(نمائندہ عکس آن لائن )نواحی گاﺅں پریم کوٹ میں ٹائر جلا کر تیل نکالنے والی فیکٹری اہل علاقہ کے لیے وبال جان بن گئی۔زرعی رقبہ سے ملحقہ بنی فیکٹری میں آلودہ ربڑ کے جلنے سے نکلنے والازہریلا دھواں عوام میں خطرناک بیماریوں کا باعث بننے لگا جبکہ دھواں سے بننے والی آلودگی سے فصلیں شدید متاثر ہونے لگیں۔

اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ اور ضلعی انتظامیہ سے اصلاح احوال کامطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نواحی گاﺅں پریم کوٹ کے رہائشیوں نے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عمران حیات نامی با اثر شخص نے زرعی رقبہ میں ربڑ/ٹائر جلاکر اس میں سے تیل بنانے والی غیر قانونی فیکٹری بنا رکھی ہے جو کہ ماحولیاتی قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ فیکٹری میں آلودہ ربڑ کے جلنے سے زہریلا دھواں پیدا ہو تا ہے جس سے فیکٹری سے ملحقہ رقبہ پر کاشت فصلیں متاثر ہورہی ہیں بلکہ فیکٹری کے ارد گرد کی کثیر آبادی اس آلودگی کے باعث سانس سمیت دیگر امراض میں مبتلا ہو رہی ہے۔اُنہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر حافظ آبادنوید شہزاد مرزا سے مطالبہ کیا ہے کہ ربڑ جلا کر تیل نکالنے والی اس خطرناک فیکٹری کوفوری طور پر بند کیا جائے اور لوگوں کو مختلف بیماریوں کا شکار کرنے اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچانے والی بااثر شخصیت کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں