مکوآنہ (عکس آن لائن)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں ڈائریکٹوریٹ آف ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام خواتین کی کپیسٹی بلڈنگ اور تعلیمی اداروں میں ان کے مثبت کردار کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
ورکشاپ کا مقصد خواتین کی سماجی، سیاسی،اقتصادی اور تعلیمی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ملازمت پیشہ خواتین کی کپیسٹی بلڈنگ اور معاشرے میں ان کے مثبت کردار کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ورکشاپ میں قائد اعظم یونیورسٹی سے ڈاکٹر رضیہ سلطانہ، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی سے ڈاکٹر عذرا یاسمین، سرگودھا یونیورسٹی سے ڈاکٹر نجمہ اقبال اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر رضوان جاوید نے جی سی یونیورسٹی کی خواتین فیکلٹی ممبران کو تربیتی سیشن کے ذریعے آگاہی فراہم کی۔ ا
س موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر امین نے کہاکہ معاشی اور تعلیمی سرگرمیوں میں خواتین کا کردار نمایاں ہے، ملکی ترقی میں خواتین کے کردار اور اہمیت کو سمجھا جانا چائیے۔ انہوںنے کہاکہ ہماری یونیورسٹی معاشرے سے صنفی تفریق کے خاتمے کیلئے طلباء و طالبات کو اعلی تعلیم کے مساوی مواقع اور سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے اور خواتین کے حقوق یونیورسٹی کی اولین ترجیع ہے۔
ورکشاپ سے خطاب میں دیگر مقررین نے کہاکہ خواتین ہر شعبہ میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی کرنا نہایت خوش آئند کارنامہ ہے۔ تربیتی ورکشاپ سے ڈین لائف سائنسز ڈاکٹر فرحت جبین، ڈین مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر صوفیہ انور اور دیگر فیکلٹی ممبران نے بھی خطاب کیا۔