جھنگ

جھنگ:ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کا کرنل انعام کے ہمراہ علی الصبح مرکزی سبزی منڈی کا دورہ

جھنگ(نمائندہ عکس آن لائن)ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرفراز خان ورک اور پاک آرمی کے کرنل انعام کے ہمراہ علی الصبح کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے بارے جھنگ شہر کی مرکزی سبزی منڈی کا دورہ کیا اور سبزیوں اور پھلوں کی سپلائی و نیلامی عمل کا مشاہدہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جھنگ قاسم گل، ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریاض خان اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کی پڑتال اور کوالٹی کو چیک کرتی ہے جس سے ان کی قیمتیں کنٹرول میں رکھنے میں مدد ملتی ہے۔اسی طرح سبزی منڈی میں نیلامی کے وقت بیوپاریوں،دکانداروں اور شہریوں کا جم غفیر ہوتا ہے،اس موقع پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانا بے حد ضروری ہے،انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی حالیہ لہر سے شہریوں کو بچانا ضلعی انتظامیہ سمیت سکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے بیوپاریوں دکانداروں اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوران نیلامی کورونا ایس او پیز پر عمل کریں، سماجی فاصلہ رکھیں اور ماسک کا استعمال لازمی کریں،ہم سب احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تب ہی ہم خود کو اور دوسروں کو اس مہلک بیماری سے بچا سکتے ہیں۔ڈی پی او سرفراز خان ورک نے کہا کہ منظم سکیورٹی کی بدولت سب کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے گا،سبزی منڈی سمیت رمضان بازاروں اور پبلک مقامات پر اضافی سکیورٹی نفری تعینات کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا کہ عوام کو مہنگائی اور کورونا سے بچانا ہماری ترجیح ہے،ہمارے سب اداروں کے مشترکہ اقدامات سے عوام کو ریلیف ملے گا اور صورتحال میں بہتری آئے گی۔اس موقع پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے بارے حکمتِ عملی پر بھی غور کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں