جھنگ

جھنگ:خدمت آپ کی دہلیز پر” پروگرام کامیابی کے ساتھ تیسرے مرحلہ میں داخل ہو گیا

جھنگ(نمائندہ عکس آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے “خدمت آپ کی دہلیز پر” پروگرام کے تحت تیسرے ہفتے کا آغاز کر دیا گیا۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے پروگرام کے بنیادی مقاصد کے حوالہ سے بتایا کہ “خدمت آپ کی دہلیز پر” پروگرام کامیابی کے ساتھ تیسرے مرحلہ میں داخل ہو گیا ہے جس کے تحت تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروںاور مراکزصحت کی صفائی ستھرائی سمیت وائٹ واش، پارکس، گرین بیلٹس اور چوک چوراہوں کی تزئین آرائش کی جائیگی۔ضلع کو صفائی ستھرائی کے لحاظ سے خوبصورت بنانا اور عوام کو آلودگی وگندگی سے پاک ماحول فراہم کرنا ہی ہمار ا مشن ہے جس کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کے ثمرات عوام کے تعاون سے ہی حاصل کئے جا سکتے ہیں، شہری خدمت ایپ پر بلا جھجک شکایات رجسٹرڈ کروائیں ، اپ لوڈ شکایات کی مانیٹرنگ کو مزیدبہتر بنایا گیا ہے تاکہ فوری ازالہ ہو سکے۔انہوںنے میونسپل کارپوریشن افسران کو ہدایات جاری کی ہیںکہ تیسرے ہفتے کے دوران خدمت آپ کی دہلیز پر، پروگرام کے بنیادی مقاصد کو پوری طرح ملحوظ رکھتے ہوئے دیئے گئے ٹاسک کے مطابق سرکاری مشینری کو متحرک رکھا جائے۔ حسب سابق رواںہفتہ کی سرگرمیوں کی روزانہ کی بنیاد پرکڑی نگرانی کی جائیگی ،لہٰذابلدیہ عملہ کی حاضری کو سو فیصد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے پروگرام کے تیسرے ہفتے کے مقررہ اہداف کے حصول کے لئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کیلئے ہدایات جاری کیں اور کہا کہ سستی اور غفلت کی صور ت میں متعلقہ افسران جوابدہ ہونگے۔

ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے مزید کہا کہ خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام سے اداروں کی کار کردگی پر عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے ،شہروں، دیہاتوں او رقصبوں میں صفائی ستھرائی کی سروسزکو تسلسل سے جاری رکھا جائیگا۔اس موقع پر فوکل پرسن نے “خدمت آپ کی دہلیز پر” پروگرام کی پراگرس رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں مجموعی طورپر27531 سرگرمیاں عمل میں لائی جاچکی ہیں،جبکہ عوام کی طرف سے خدمت ایپ پر491 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے442کو فوری طور پر حل کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں