اسلام آباد ہائی کورٹ

جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس، آئی جی آفس کو 3دن میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم

اسلام آباد(عکس آن لائن)جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی آفس کو 3 دن میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ واقعات اور عدالتی آرڈر شیٹ گم ہونے سے متعلق کیس میں عمران خان کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی،ٹرائل کورٹ کی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دی گئی،اسٹیٹ کونسل نے بتایا کہ آئی جی آفس کی رپورٹ جمع کرانے کا وقت دیا جائے، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ توہین عدالت کی بھی درخواست آئی ہوئی ہے،

آئی جی آفس 3روز میں رپورٹ دیں،وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ آئندہ کی سماعت کا لائحہ عمل بھی دیکھا جائے،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ آئی جی کا مقف آ جائے تو پھر دیکھا جائے گا کیا لائحہ عمل ہونا چاہیے، آپ کو ٹرائل کورٹ کی رپورٹ پڑھنے کے لئے دے دیتے ہیں،پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے ڈسٹرکٹ مینجمنٹ کی بھی رپورٹ منگوانے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ رپورٹ آجائے گی تو ایک ساتھ توہین عدالت اور آئندہ کا لائحہ عمل دیکھ لیں گے،بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 28اپریل تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں