جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال کی ویب سائٹ پر ڈینگی سے بچاؤ کی تمام معلومات اپلوڈ کر دیں، پروفیسر الفرید ظفر

لاہور (زاہد انجم سے) جنرل ہسپتال لاہور کی انتظامیہ نے ڈینگی سے بروقت بچاؤ کے متعلق عوام کی رہنمائی کے لیے ہسپتال کی ویب سائٹ پر تمام احتیاطی تدابیر اور ضروری معلومات انگریزی/ اردو دونوں زبانوں میں اپلوڈ کر دی ہیں۔

انٹرنیٹ اور جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے ڈینگی سمیت تمام بیماریوں کا موثر تدارک کیا جا سکتا ہے۔ یہ بات پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج/ پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے ہسپتال میں ڈینگی وارڈ کے معائنے کے دوران کہی۔ ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا کہ اج کا دور معلومات کی تیز ترین بہم رسانی کا دور ہے اس مقصد کے لیے لاہور جنرل ہسپتال کی ویب سائٹ lgh.punjab.gov.pk پر ماہر ڈاکٹروں اور ڈینگی بخار کے علاج پر مامور ماہرین کی رائے کی روشنی میں عوام کے لیے ان تمام احتیاطی تدابیر اور بچاؤ کے طریقوں کو اپلوڈ کر دیا گیا ہے جو ہر سال انسانی صحت کیلئے پیدا ہو جانے والے اس خطرے سے نمٹنے کے لیے اپنانا ضروری ہیں۔

عوام کی آسانی کے لیے تمام معلومات اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں بیک وقت فراہم کی گئی ہیں ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا کہ مذکورہ ویب سائٹ سے سماجی تنظیمیں، سول سوسائٹی کے نمائندے، طب سے وابستہ افراد اور میڈیا کے لوگ استفادہ کرتے ہوئے عام آدمی کی رہنمائی اور بھلائی کا فریضہ سر انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی خود بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس بیماری سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن احتیاطی تدابیر اپنائیں اور اپنے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور دوستوں کو بھی ڈینگی سے محفوظ رکھنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا حصہ بنیں۔

یہ تبھی ممکن ہے جب ہر شخص اپنے گھر اور گردونواح کے ماحول کو صاف ستھرا رکھے گا اور اپنے عمل سے دوسروں کو بھی صفائی ستھرائی کی اہمیت سے آگاہ کرے گا۔ پرنسپل نے کہا کہ بیماریوں کی روک تھام عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں صرف سرکاری محکموں پر بیماریوں کی روک تھام کی مکمل ذمہ داری نہیں ڈالی جا سکتی۔اس سلسلے میں عوام میں حفظان صحت کے اصولوں کے بارے شعور و اگاہی پیدا کرنا وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے امید ظاہر کی کہ اندرون و بیرون ممالک مقیم پاکستانی ڈاکٹرز بھی جنرل ہسپتال کی ویب سائٹ پر ڈینگی سے بچاؤ کے متعلق آگاہی مہم کو عوام تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور اس مرض کو جڑ سے ختم کرنے میں اپنا کلیدی کردار نبھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں