جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال و نیورو انسٹی ٹیوٹ میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب،نرسز وپیرا میڈیکل سٹاف کی بھرپور شرکت

لاہور(عکس آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ کرسمس کا تہوارباہمی محبت، بھائی چارے، رواداری اور سماجی انصاف کے فروغ کے عہد کی تجدید کا دن ہے، حضرت عیسی ؑ کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے سرکاری دستاویزات میں کرسچن برادری کے لئے عیسائی کی بجائے مسیحی لکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر کے مسیحوں کی عزت افزائی کی ہے اور اُن کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود اور سربراہ جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے 250پاؤنڈ وزنی کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان کی جدوجہد وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات کے ہم سب معترف ہیں۔اس موقع خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد، ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق،ڈاکٹر مرکس فدا، مسیحی برادری کی معروف شخصیات سمیت صدر پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن رانا پرویز، وارث آفتاب، شہزاد روشن، مجید راج،امانت ساغر، بابر گل، کوثر طاہر،شمیم، سعدیہ شوکت، انعم پرویز و دیگر ملازمین نے حضرت عیسی ؑ کی یوم ولادت اور ان کی زندگی کے متعلق اور کرسمس تہوار کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ پرنسپل اور ای ڈی (پی آئی این ایس)نے پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن اور نرسنگ کمیونٹی کی طرف سے کرسمس کا 250پاؤنڈ وزنی کیک کاٹنے پر مبارکباد دی۔
پرنسپل پی جی ایم آئی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس کا کہنا تھا کہ تمام ملکی شعبوں میں بالخصوص تعلیم اور صحت کے میدان میں مسیحی بھائیوں کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں حتیٰ کہ افواج پاکستان اور عدلیہ کے شعبوں میں بھی ان بھائیوں نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔اسی طرح طب کے میدان میں بالخصوص نرسنگ کمیونٹی میں کرسچن کمیونٹی نمایاں خدمات سر انجام دے رہی ہے اور آج کے دن ہمیں اُن سب مسیحی بھائیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جوملک و قوم کی خدمت کے لئے اپنی توانائیاں صرف کر رہے ہیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ بلا تفریق رنگ و نسل سب ہم وطن پاکستانی ہیں ہمیں ایک قوم بن کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے یہی کرسمس کے تہوار اور قائد اعظم کی تعلیمات کا اصل مفہوم ہے کیونکہ 25دسمبر کا دن کرسمس کے علاوہ بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی ولادت کا دن بھی ہے جو ہمیں وطن عزیز کی تعمیر و ترقی اور حفاظت کا درس دیتا ہے۔
رانا پرویز نے کہا کہ ہمارے دکھ درد اور خوشیاں سانجھی ہیں اور پاکستان کے پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں اور ان کے حقوق کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس موقع پر نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے ایک دوسرے کو کرسمس کی مبارکباد دی، روائتی مذہبی گیت گائے اور نئے سال کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعائیں کیں کہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز کی حفاظت فرمائے، ملک کو وبا و بیماریوں سے محفوظ رکھے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور مصیبت میں گھرے کشمیریوں کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں