لاہور(عکس آن لائن)حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں شہریوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے لئے لاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ مزید متحرک ہو گئی ،اس ضمن میں پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹرالفرید ظفر نے اعلا ن کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران جنرل ہسپتال میں قائم کورونا ہیلپ لائن میں ڈاکٹرزحسب معمول 24گھنٹے اپنے فرائض سر انجام دیں گے جبکہ شہری اتوار کے روز بھی ٹیلی فون کر کے طبی ماہرین سے کورونا وائرس کے حوالے سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت عوام کو ہر صورت کورونا سے بچانے اور اس مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ،ڈاکٹرز، نرسزاور پیرا میڈیکس 24گھنٹے مصروف عمل ہیں۔پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کیے بغیر کورونا وائرس سے بچاؤ ممکن نہیں لہذاشہریوں کو چاہیے کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کر کے اپنی اور دوسروں کی زندگیاں محفوظ بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر کار،موٹر سائیکل سوار، پیدل چلنے اور خریداری کے دوران ہر شخص کو سیفٹی ماسک کا استعمال لازمی کرنا چاہیے
۔ پرنسپل نے کہا کہ رمضان المبارک نیکیاں سمیٹنے کامہینہ ہے ہمیں عبادات کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت میں بھی کوئی لمحہ ضائع نہیں کرنا چاہیے ۔ انہوں نے ڈائریکٹر ایمرجنسی ایل جی ایچ ڈاکٹر رانا محمد شفیق کو ہدایت کی کہ وہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ افطاری اور سحری کے اوقات میں ملازمین ڈیوٹی پر موجود رہیں تاکہ اس دوران آنے والے کسی مریض کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ماہ رمضان میں بھی مریضوں کو جنرل ہسپتال میں بہتر سے بہتر سہولیات میسر ہوسکیں۔