حمزہ شہباز

جناح ہائوس کو آگ لگانا،ایمبولینس سے مریض کو نکال کر اسے نذر آتش کردینا سیاست نہیں دہشتگردی ہے، حمزہ شہباز

لاہور( عکس آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ جناح ہائوس کو آگ لگانا،ایمبولینس سے مریض کو نکال کر اسے نذر آتش کردینا سیاست نہیں بلکہ کھلے عام دہشت گردی ہے،ان لوگوں کی نشاندہی ہونی چاہیے اور انہیں قرار واقعی سزا ئیں ملنی چاہئیں ،ہمارے سب سیاسی جماعتوں سے تعلقات اچھے ہیں ،جب انتخابی بگل بجے گا تو اپنی حکمت عملی سے آگاہ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سابق رکن پنجاب اسمبلی راحیلہ خادم حسین کی رہائشگاہ پرگفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حمزہ شہباز نے سابق رکن اسمبلی راحیلہ خادم حسین سے ان کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان شہیدوں کی دھرتی ہے،پاکستان کیلئے لاکھوں لوگوں نے شہادتیں دی ہیں،ہم سکولوںمیں شہید راشد منہاس، عزیز بھٹی شہید کے کارنامے سنا کرتے تھے ،خوش ہوکر داد دیا کرتے تھے ،

کرنل شیر دشمن کے خلاف شیروں کی طرح لڑا ،ان کے مجسموں کو تہہ و بالا کرنا ، جناح ہائوس کو آگ لگانا، ایمبولینس کو روک کر مریض کو نکال کر اسے نذر آتش کر دینا یہ سیاست نہیں ہے یہ کھلے عام دہشتگردی ہے ۔ 9مئی سانحہ ہے ،ان مائوں کے زخم 9مئی کو ہمیشہ ہرے ہوتے رہیں گے جن کے سپوتوںنے اس عظیم ملک کے لئے اس کی حفاظت کے لئے قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شر پسندوں کی نشاندہی ہونی چاہیے اور انہیں قرار واقعی سزا ملنی چاہیے ۔انہوںنے جہانگیر ترین سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے سوال پر کہا کہ ابھی بڑے مراحل باقی ہیں،سب سیاسی جماعتوں سے اچھے تعلقات ہیں،جب انتخابی بگل بجے گا تو اپنی حکمت عملی سے آگاہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں