حلیم عادل شیخ

جان کو خطرہ ہے، میرے گھر کو سب جیل بنا دیا جائے، حلیم عادل شیخ

کراچی(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے لہٰذا ان کے گھر کو سب جیل بنا دیا جائے،ہم کسی کو بھی معاف نہیں کریں گے، حفیظ شیخ تو ہار گیا، لیکن عمران خان کا بیانیہ جیت گیا، افسوس، ایک بار پھر پیسے کی سیاست کی گئی، عدالتوں پر اعتماد ہے۔جمعہ کواپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے سندھ اسمبلی آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ سینیٹ میں بھی سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے، میں کپتان کو سلام پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جب عمران خان دوبارہ اعتماد کا ووٹ لیکر آئیں گے، تو پھر تیرا کیا ہوگا کالیا۔ یہ دونوں جماعتیں اپنے اپنے صوبے تک محدود ہوگئی ہیں، ہماری سیٹیں سب سے زیادہ آ گئیں۔

انہوں نے چار سیٹوں پر ڈاکہ مارنا تھا، ایک پر مار چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حفیظ شیخ تو ہار گیا، لیکن عمران خان کا بیانیہ جیت گیا، حفیظ شیخ کو لڑانا ہے تو کراچی سے الیکشن لڑا دیں۔ یہ سیاسی بے شرم اور بے حیا بے نقاب ہو گئے، ہارس ٹریڈنگ سے ووٹ لینے کو یہ جمہوری کہتے ہیں۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم کسی کو بھی معاف نہیں کریں گے، میرے پائوں میں چوٹ ہے، مجھے کہا گیاکہ اسٹک لیکر جائو، مجھے کہا گیا وہیل چیئر پر جائو، لیکن میں نے ایسا نہیں کیا۔حلیم عادل شیخ نے کہا دو وزراء نے لابی میں آکر گالیاں دی۔ شکار پور اور لاڑکانہ کے دو اشخاص میں وزیر اعلی بننے کی دوڑ لگی ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر الدین شاہ کے ساتھ جو ہوا ہے، ہم اس پر افسردہ ہیں۔ ہمارے چھ ووٹ گم ہیں۔ ہم ان کو ڈھونڈ رہے ہیں، کپتان کا ایک کھلاڑی سینٹ پہنچ گیا، سیف اللہ ابڑو لاڑکانہ کی آواز بنے گا۔ لاڑکانہ کو مبارک ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں