فردوس عاشق اعوان

ثابت ہوگیا طاقتور جب چاہے آئین وقانون کو روند سکتا ہے: فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد(عکس آن لائن) استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے کہا ثابت ہوگیا طاقتور جب چاہے آئین و قانون کو روند سکتا ہے۔

اسلام آباد میں فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ایک فیصلہ آیا جس کی گونج کئی دنوں سے سوشل میڈیا پرنظر آرہی تھی، آئین و قانون کے سامنے سب برابر ہونے چاہئیں، سزا کی معطلی سے قیدی نمبر804 صادق اور امین نہیں بنا اور نہ ہی مجرم سے محترم بنا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کچھ دل اٹک جیل کے قیدی نمبر804 کے ساتھ دھڑک رہے ہیں، دوہرا معیار کب تک چلےگا؟ معاشرے کی تنزلی کا کریڈٹ بھی قیدی نمبر804 کو جاتا ہے، قیدی نمبر804 کو جیل میں سہولت کاری دستیاب ہے، جیل میں مرغن غذائیں فراہم کر کے ایک نہیں دو پاکستان کا عملی نمونہ سامنے آیا ہے، فرمائشی کھانوں کی اٹک جیل کے باقی قیدیوں کو بھی سہولیات دی جائیں۔

فردوس عاشق نے کہا آئی پی پیزمعاہدوں کی وجہ سے سنگل عوام کے گلے کا طوق بن گیا ہے، مگرمچھ کے آنسو بہانے والوں کوعوام جانتے ہیں، حکومت مہنگائی کے ستائےعوام کوریلیف دے، عوام مہنگائی سے نجات چاہتی ہے، پاکستان میں مہنگائی بے لگام ہوچکی۔

استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان نے مزید کہا کسانوں کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہ چھوڑا جائے گا، استحکام پاکستان پارٹی کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے، عوام کی فلاح استحکام پاکستان پارٹی کی پہلی ترجیح ہے، بھارت نے آبی جارحیت سے بستیاں اجاڑدیں، بھارتی جارحیت سے فوڈ سکیورٹی چیلنج بننے جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں