اسلام آباد ہائیکورٹ

توشہ خانہ نااہلی کیس، عدالت نے میانوالی کی نشست پر ضمنی الیکشن روکنے کے حکم میں توسیع کر دی

اسلام آباد(عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کیخلاف توشہ خانہ نااہلی کیس میں عدالت نے میانوالی کی نشست پر ضمنی الیکشن روکنے کے حکم میں توسیع کر دی،

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، سابق وزیراعظم کے وکیل بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے،سماعت کے آغاز پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ویسے یہ ایک سیکنڈ کا کیس ہے لیکن پتا نہیں کیوں اس میں دیر ہو رہی ہے، وکیل نے کہا اصل مسئلہ یہ ہے کہ درخواست واپس لینے کی متفرق درخواست ہے، لاہور ہائی کورٹ میں کیس فل بنچ کے سامنے زیر سماعت ہے،

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے کہ لاہور ہائی کورٹ میں آپ کا کیس کب لگا ہوا ہے، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ ہمارا کیس لاہور میں 19مئی کو شاید مقرر ہے، مسلسل کیسز لگے ہوئے ہیں، میں نے چھٹی پر بھی جانا ہے،چیف جسٹس نے کہا الیکشن کمیشن کی طرف سے آج التوا کی درخواست آئی ہے، توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے فیصلے کو عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کر رکھا ہے،

عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایسی ہی دائر درخواست واپس لینے کے لیے رجوع کر رکھا ہے سماعت کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل خالد اسحاق کی جانب سے دائر کی گئی التوا کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت جمعرات 11مئی تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں