راجہ پرویز اشرف

تعلیم کا فروغ ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہے،راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد (عکس آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پیر کو چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن مختار احمد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں گوجر خان میں یونیورسٹی کے قیام اور کلاسز کے جلد اجراء سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے تعلیم کا فروغ ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنے کی ضرورت۔انہوں نے تعلیم اور صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے مابین مفاہمت کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، نوجوانوں کو ترقی اور انہیں روزگار کی فراہمی کے لیے تعلیم، خصوصاً ٹیکنیکل تعلیم کی ضرورت ہے۔انہوں نے گوجر خان میں یونیورسٹی کے جلد قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گوجر خان میں ایک اعلیٰ معیار کی یونیورسٹی کا قیام ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ خطہ پوٹھوہار اور اس سے ملحقہ اضلاع کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے لیے معیاری یونیورسٹی کا قیام ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت عوامی نمائندے نوجوانوں کو تعلیم کی سہولیات کی فراہمی اور ان کی فلاح و بہبود ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ گوجر خان میں یونیورسٹی کا قیام علاقے کے نوجوانوں کے لیے بڑا تحفہ ہو گا۔انہوں نے چیئرمین ہاہر ایجوکیشن کو گوجر خان میں یونیورسٹی کے جلد قیام کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کا کہا۔ چیئرمین میں ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر مختار احمد نے اسپیکر قومی اسمبلی کے تاثرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے ان کی کوشیش قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوجر خان میں یونیورسٹی کا قیام ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اس حوالے سے وہ اس منصوبے پر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوجر خان میں ایک اعلیٰ معیار کی یونیورسٹی کے قیام سے خطہ پوٹھوہار، آزاد کشمیر اور دیگر ملحقہ علاقوں کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن ہو گی۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں کی ترقی سے ہی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان شعبوں کی ترقی کے لیے بحیثیت مجموعی سیاستدانوں کو پارٹی سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنا ہو گا۔انہوں نے تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کے دیگر شعبوں کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے یقین دلایا کہ گوجر خان میں یونیورسٹی کے قیام کے لیے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا اور سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں