گندم

ترقی پسند کاشتکار 80من فی ایکڑ تک گندم کی پیداوار حاصل کر رہے ہیں،ماہرین جامعہ زرعیہ

مکوآنہ (عکس آن لائن)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کہا کہ ترقی پسند کاشتکار 80من فی ایکڑ تک گندم کی پیداوار حاصل کر رہے ہیں جبکہ ہماری اوسط پیداوار صرف 31من تک محدود ہو کر رہ گئی ہے جسے جدید طریقہ کاشت اور رحجانات کو اپناتے ہوئے دوگنا کیا جا سکتا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ غذائی خودکفالت کی منزل کے حصول کیلئے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ناگزیر ہے جس کیلئے آج سے شروع ہونیوالی گندم کی بوائی مہم کے دوران جامعہ کے طلبا و طالبات دیہاتوں میں جا کر گندم بوائی کے حوالے سے کاشتکاروں، کسانوں، زمینداروں کو آگاہی فراہم کریں گے تاکہ وہ تازہ ترین زرعی تحقیق کی روشنی میں گندم کی فی ایکڑ بہترین پیداوار حاصل کرسکیں۔

انہوں نے زرعی درآمدات میں ہونیوالے اضافے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زرعی معیشت کا حامل ملک ہونے کے باوجود اشیائے ضروریہ وغذائی اجناس کی درآمد ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے جس کیلئے زرعی سائنسدانوں، کسانوں اور محکمہ زراعت توسیع کے کارکنوں کو مربوط کاوشیں بروئے کار لانے پر توجہ دینا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں، پانی کی کمی اور فوڈ سکیورٹی کے مسائل سے گزر رہا ہے جس کیلئے علم پر مبنی معیشت کو اپنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی یو اے ایف ٹیکنالوجی ٹرانسفر سنٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا تاکہ کاشتکاروں تک ان کے مسائل کے حل پر مبنی ٹیکنالوجی منتقل کی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں