عمران خان

تاریخ کا سب سے اہم مرحلہ آنے والا ہے، حتمی اور فیصلہ کن جنگ ہے’ عمران خان

لاہور( نمائندہ عکس)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ اب پاکستان کی تاریخ کا سب سے اہم مرحلہ آنے والا ہے، یہ اب حتمی اور فیصلہ کن جنگ ہے، آج میں حقیقی آزادی مارچ کا آغاز کرنے جا رہا ہوں ،میں اس قوم کے لیے یہ جنگ لڑ رہا ہوں، چوروں کے ٹولے کا جھوٹ ہر دوسرے دن پکڑا جاتا ہے،آزادی کے بعد دوسرا اہم مرحلہ انصاف ہے، سارے ترقی پذیر ملکوں کا مسئلہ یہ ہے وہاں زرداری اور نوازشریف بیٹھے ہیں۔صرف پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا حکومت پرتنقید نہیں کررہا تھا یہ پاکستانی عوام تھے، لندن میں بیٹھے لوگ ہمارے خلاف ٹرینڈ چلاتے رہے لیکن امپورٹڈحکومت نامنظور کے ٹرینڈ نے سارے ریکارڈ توڑ دئیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سوشل میڈیا کارکنان اور لاہور بار میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عمران خان نے کہا کہ جمہوریت کا مطلب آزادی ہے، چوروں کے ٹولے کا جھوٹ ہر دوسرے دن پکڑا جاتا ہے، سب سے زیادہ جھوٹ مریم نواز کے پکڑے جاتے ہیں۔اب پاکستان کی تاریخ کاسب سے اہم مرحلہ آنے والا ہے، یہ آزادی کی تحریک کے بعد دوسرا بڑا مرحلہ آنے والا ہے۔انہوںنے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہم نے مجبوری میں شرکت کی، ہم نے یہ شرکت اس لیے کی کہ ہم غلام تھے، ہم نے روس سے تیل لینے کا فیصلہ کیا لیکن ہمارے بعد یہ غلام آگئے جنہیں امریکہ کا ڈر تھا۔عمران خان نے مزید کہا کہ آزادی کے بعد دوسرا اہم مرحلہ انصاف ہے، سارے ترقی پذیر ملکوں کا مسئلہ یہ ہے وہاں زرداری اور نوازشریف بیٹھے ہیں۔انہوںنے کہا کہ نائیجریاکے پاس سب سے زیادہ تیل ہے مگر چوروں کے باعث وہ تباہ ہوگیا، جب تک قانون کی حاکمیت نہیں ہوتی ترقی نہیں ہوتی، اس لئے یہ کہتا ہوں کہ اگراین آراودوں گاتوملک تباہ ہو جائے گا۔انہوںنے کہا کہ ارشد شریف راہ حق پر کھڑاتھا، وہ ملک چھوڑ کر اس لیے نہیں گیا کہ اس کی جان چلی جانی تھی،

اسے اصل خوف یہ تھا کہ اس کی آواز بند ہو جانی تھی۔انہوںنے کہا کہ جب ہماری حکومت بیرونی سازش، اندرونی میر جعفر، میر صادق نے مل کر گرائی تو سوشل میڈیا نے دکھایا،زندہ معاشرہ اور مرے ہوئے معاشرے میں کیا فرق ہوتا ہے، انسان تو جیل میں بھی زندہ رہ سکتا ہے، سوشل میڈیا انسانی تاریخ میں انقلاب آرہا ہے، امریکہ میں کوئی اسرائیل کے خلاف بات نہیں کرسکتا وہ میڈیا پر بات نہیں آتی، لاکھوں کشمیری شہید ہوچکے ہیں لیکن مغربی میڈیا میں ذکر نہیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا نے اس ٹرینڈ کو بدل دیا ہے، جب ہماری حکومت بیرونی سازش، اندرونی میر جعفر، میر صادق نے مل کر گرائی تو سوشل میڈیا نے دکھایا، ہر شہری جس کے پاس موبائل فون ہے اس کی آواز ہے، یہ جمہوریت کی خالص ترین شکل میں ہم جارہے ہیں۔لندن والے پیسے دے کر ٹرینڈ چلواتے ہیں لیکن وہ ٹرینڈ نہیں چل سکتا، حکمرانوں نے 1100 ارب روپے معاف کروا لئے، انسانوں کے معاشرے میں حکم ہے ناانصافی کا مقابلہ کرو،آج سے جدوجہد حقیقی آزادی کا جہاد ہے سمجھیں کہ جہاد کررہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ یہ اب حتمی اور فیصلہ کن جنگ ہے، آج میں حقیقی آزادی مارچ کا آغاز کرنے جا رہا ہوں اور لاہور سے میرے مارچ کا آغاز ہوگا، میں اس قوم کے لیے یہ جنگ لڑ رہا ہوں، لاہور بار بھی اس مارچ میں بھرپور شرکت کرے، پنجاب حکومت کو کہوں گا کہ وکلا پروٹیکشن بل منظور کرے، وکلا ء کے ہسپتال کے لیے رقم جاری کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں