سرسوں

تارامیرا ،رایا، توریا، سرسوں ، کینولاکی کاشت 15اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن) ماہرین زراعت نے کاشتکار وں کو تارامیرا ، رایا، توریا، سرسوں ، کینولاکی کاشت 15 اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ کھانا پکانے کیلئے کوکنگ آئل اور صنعتی مصنوعات و دیگر گھریلو ضروریات کو پورا کرنے میں مدد مل سکے۔

انہوں نے کہاکہ بڑھتی ہوئی آبادی اور خوردنی تیل کی کھپت میں مزید اضافے سے ان فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے لہٰذا بہتر پیداواری حکمت عملی اور ترقی دادہ اقسام کی کاشت سے موجودہ رقبے ہی سے دوگنی پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے جس سے خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والا قیمتی زرِ مبادلہ کم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ چکوال سرسوں کی کاشت کابہترین وقت 15اکتوبر تک ہے تاہم ناگزیر وجوہات کی بنا ء پر کینولاکی مختلف اقسام، خانپور رایا، چکوال رایا اور ڈی جی ایل کو رواں پورے مہینے میں بھی کاشت کیاجاسکتاہے ۔

انہوں نے کہاکہ اسی طرح تارا میرا پنجاب کے بارانی علاقوں میں اکتوبر کے آخرجبکہ آبپاش علاقوں میں وسط نومبر تک کاشت کیا جا سکتا ہے تاہم ان فصلوں سے اچھی پیداوار کے حصول کیلئے صحت مند اور صاف ستھرا بیج جس کی روئیدگی 80فیصد سے کم نہ ہوڈیڑھ سے دو کلو گرام فی ایکڑ استعمال کیاجاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ زمین میں وتر کم ہونے کی صورت میں بیج کی مقدار بڑھائی جاسکتی ہے جبکہ بارانی علاقوں میں شرح بیج دو تا اڑھائی کلو گرام فی ایکڑ ہونی ضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ تارا میرا کم بارش والے بارانی علاقوں میں کامیابی سے کاشت کیا جاسکتا ہے لیکن کینولا، توریا، سرسوں اور رایا کی بہترین کاشت کیلئے بہتر نکاس والی درمیانی سے بھاری میر ا ہموار زمین نہایت موزوں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں