اسلم اقبال

تاجروں کے اصرار پر مارکیٹیں اور دکانیں کھولی گئیں اب ایس او پیز پر عمل کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے‘اسلم اقبال

لاہور(عکس آن لائن)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ تاجروں کے اصرار پر مارکیٹیں اور دکانیں کھولی گئیں اب ایس او پیز پر عمل کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے، کورونا وائرس کے پھیلا کو روکنے کیلئے تاجروں کو ایس او پیز پر من و عن عمل کرنا ہو گا بصورت دیگر مارکیٹیں بندکرنے پر مجبور ہوں گے، مارکیٹوں کے اوقات کار کسی صورت نہیں بڑھائیں گے،

احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہی لاک ڈان سے بچا جا سکتا ہے۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار لبرٹی مارکیٹ کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے اپنے دورے کے دوران مارکیٹ میں ایس او پیز کا جائزہ لیا۔ ضلعی انتظامیہ بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھی۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ جس مارکیٹ میں جائیں وہاں ایس او پیز کی خلاف ورزی نظر آتی ہے۔ بچے بھی مارکیٹوں میں نظر آ رہے ہیں جبکہ دکاندار اور گاہک بھی ماسک کے بغیر دکھائی دے رہے ہیں۔ جو قابل افسوس اور خطرناک ہے۔ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہوا تو پھر مارکیٹیں دوبارہ بند کرنا پڑیں گی۔

اس لئے تاجروں سے درخواست ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے اپنی کمٹمنٹ پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کلچر ہے کہ لوگ دیر سے سو کر اٹھتے ہیں اور دوپہر کے بعد مارکیٹوں کا رخ کرتے ہیں جس سے بازاروں میں رش ہو جاتا ہے،ہمیں اس کلچر کو بھی بدلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات بھی رش کی موجب بنتی ہیں۔تاجر تجاوزات خود ختم کریں بصورت دیگر انتظامیہ ایکشن میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزار ت صنعت و تجارت اور انتظامیہ تاجروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرئے گی۔ بڑی مارکیٹوں میں سیلز مین اور خریداروں کے رینڈم کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں