وزیر اطلاعات

بی جے پی رہنما کا گستاخانہ بیان، مریم اورنگزیب کا بھارتی حکومت کے رویوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نےبی جے پی رہنما کے گستاخانہ بیان پر بھارتی حکومت کے رویوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ خاتم المرسلین نبی رحمت حضرت محمد (ص)کی ناموس میں گستاخی کرکے بی جے پی کے ر ہنماوں نے خود کو پست ثابت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام انسانوں کے لئے رحمت بن کر آنے والے نبی اکرم کے پاک سیرت و کردار کا مطالعہ کرنے والا کوئی بھی نیک الفطرت انسان ان کا احترام اور ادب کئے بغیر نہیں رہ سکتا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ بی جے پی ر ہنماوں کے گستاخانہ بیانات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، یہ بی جے پی کی انتہاپسندانہ اور فتنہ پرور سوچ کا ایک اور ثبوت ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ عالمی برادری بین المذاہب ہم آہنگی اور مقدس ہستیوں کے احترام کی عالمی تحریک کے منافی بھارتی حکومت کے رویوں اور اقدامات کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کے بنیادی حقوق، مذہبی آزادیوں اور بنیادی انسانی حقوق کا مجرم ہے، اسے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ہر مسلمان اپنے آقا کریم کی عزت وحرمت کو اپنی جان سے زیادہ عزیز سمجھتا ہے اور اس مقصد کے لئے کٹ مرنے کو تیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں