شاہ محمود قریشی

بھارت کی کسی بھی جارحیت کا بھر پور جواب دیں گے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(عکس آن لائن ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اگر بھارت نے کوئی حرکت کی توبھرپور جواب ملے گا،امتیازی شہریت ایکٹ کے خلاف دس سے زیادہ بھارتی ریاستوں میں شدید احتجاج ہو رہے ہیں،مودی سرکار خطرناک کھیل، کھیل رہی ہے جس سے پورے خطے کا امن متاثر ہورہا ہے۔ دنیا کواس صورتحال کا نوٹس لیناچاہیے۔

اپنے ایک بیان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی حکومت کے شہریت کے متنازع بل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امتیازی شہریت ایکٹ کے خلاف 10 سے زیادہ بھارتی ریاستوں میں شدید احتجاج ہو رہے ہیں، ہندوستان کی پوری اپوزیشن، تمام اقلیتیں، بالخصوص مسلمان بل کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل کرفیو کو آج 139 دن ہو چکے ہیں، صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے ہندوستان کوئی فالس فلیگ آپریشن بھی کر سکتا ہے، لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا مودی سرکار خطرناک کھیل، کھیل رہی ہے جس سے پورے خطے کا امن متاثر ہورہا ہے۔ دنیا کواس صورتحال کا نوٹس لیناچاہیے۔ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن اگر بھارت نے کوئی حرکت کی توبھرپور جواب ملے گا۔ گزشتہ روز بھارت نے اشتعال انگیزی کی جس کا ہماری فورسز نے بھرپور جواب دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں