مشعال ملک

بھارت اور اسرائیل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں دنیا میں سرفہرست ہیں،مشعال ملک

اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال ملک نے فلسطین اور ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیر، فلسطین اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے ساتھ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مسلمانوں پر مظالم میں دنیا میں سرفہرست آنے والے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے فلسطینی عوام پر اسرائیل کے جاری مظالم کو دنیا کے امن کے خطرناک قرار دیا۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کی تمام تر قراردادوں اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی کر رکھی ہے جس سے متاثرہ لوگوں کو خوراک اور ضروری طبی سامان کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ دونوں خطوں کے عوام کی امنگوں کے مطابق کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے پاکستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ جڑانوالہ واقعے پر بات کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ تمام حقائق واقعے میں بھارتی ملوث ہونے کی نشاندہی کرتی ہے۔

انہوں نے اس واقعے کے بعد نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی طرف سے متاثرہ علاقے کے دورے اور اس طرح کے واقعات کے روک تھام کے لئے کئے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی سیمینار کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بین المذاہب ہم آہنگی کے کردار پر روشنی ڈالی۔ مشعال ملک نے حاضرین کو ضلعی، صوبائی اور قومی سطح پر قائم بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹیوں میں شامل ہونے کی دعوت بھی دی۔ناحق ہندوستانی جیل میں بند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ قید کشمیری رہنما کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کی پوری مشینری کشمیر کے پیارے بیٹے اور کشمیری عوام کے سب سے محبوب رہنما کو سزائے موت دینے کی سازش میں مصروف ہے۔ مشعال نے سیمینار میں خواتین کی واضح نمائندگی پر اپنی گہری خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحثیت وزیراعظم کے معاون خصوصی انسانی حقوق وترقی نسواں انہیں دلی مسرت ہوتی ہے کہ خواتین اپنے کام کے ذریعے ایک بہتر اور خوشحال معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے کشمیری اور فلسطینی عوام کی ناقابل برداشت اور گھٹن زدہ زندگیوں کو اسکٹ(خاکہ)کی شکل میں بہترین انداز میں پیش کرنے والے طلبا وطالبات کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں