وزیراعظم شہباز شریف

بچوں کے سروں پر ہاتھ رکھنے کی ذمہ داری صدقہ جاریہ ہے ، اس سے بڑی انسانی خدمت نہیں ہوسکتی ، وزیراعظم

اسلام آباد (نمائندہ عکس)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بچوں کے سروں پر ہاتھ رکھنے کی ذمہ داری صدقہ جاریہ ہے ، اس سے بڑی انسانی خدمت نہیں ہوسکتی ،میں ان کے مال میں ذرا بھی ملاوٹ نہیں ہونے دوں گا اگر یہ بچے ہیں تو ان کے مال کی حفاظت کروں گا، بچوں کی بہتری اور ترقی کے لئے حکومت مزید اقدامات کرے گی، سویٹ ہومز میں بچوں کی تمام تر ضروریات کو حکومت پورا کرے گی، بچوں کو ٹرانسپورٹ کے مسائل درپیش ہیں، ان کی آسانی کیلئے ٹرانسپورٹ کا نظام زمرد خان کے حوالے کرتا ہوں۔اتوار کو اسلام آباد میں سویٹ ہومز میں جشن آزادی کی تقریب میں بچوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری دنیا میں پاکستان قوم 75 ویں یوم آزادی کو منا رہی ہے۔

زمرد خان اور ان کے ساتھی بہت عظیم کام کررہے ہیں بچوں کے سروں پر ہاتھ رکھنے کی ذمہ داری صدقہ جاری ہے۔ زمرد خان ایک باپ اور استاد کا کردار ادا کررہے ہیں۔ بچوں کے سروں پر ہاتھ رکھنا اس سے بڑی انسانی خدمت نہیں ہوسکتی زمرد خان کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں ان کے مال میں ذرا بھی ملاوٹ نہیں ہونے دوں گا اگر یہ بچے ہیں تو ان کے مال کی حفاظت کروں گا جب یہ بڑے ہوجائیں گے تو ان کی امانت واپس کردوںگا۔ قرآن میں یتیم بچوں کے حوالے سے واضہ ہدایات شامل ہیں اس کی عملی شکل سویٹ ہومز میں ہورہی ہے۔ بچوں کی بہتری اور ترقی کے لئے حکومت مزید اقدامات کرے گی۔

سویٹ ہومز میں بچوں کی تمام تر ضروریات کو حکومت پورا کرے گی بچوں کیلئے بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہم ہر وقت حاضر ہیں۔ بچوں کو ٹرانسپورٹ کے مسائل درپیش ہیں ان کی آسانی کیلئے ٹرانسپورٹ کا نظام زمرد خان کے حوالے کرتا ہوں اس درسگاہ کو جو بھی ضرورت درپیش ہوگی اس کی خدمت کیلئے ہمہ وقت تیار ہوں۔ زمرد خان کو اس عظیم فلاحی کام پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بچوں کے ہمراہ پاکستان زندہ باد اور قائد اعظم زندہ باد کا نعرہ لگایا۔ وزیراعظم نے زمرد خان کے ہمراہ بچوں کے ساتھ جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں