بپٹسٹ اسپتال کے جرم پر خاموشی نے اسرائیل کو مزید قتل عام کی شہ دی، حماس

بیروت(عکس آن لائن)بیروت میں موجود حماس کے رہنما اور ترجمان اسامہ حمدان نے کہا ہے کہ بپٹسٹ اسپتال کے جرم پر جوابدہ ٹھہرانے میں ناکامی پر اسرائیل کو مزید اسپتالوں میں قتل عام کی شہ ملی۔غیرملکی کبررساں ادارے کے مطابق اپنے بیان میں اسامہ حمدان نے مزید کہا کہ انروا نے غزہ میں اپنے اسکول پر اسرائیلی بمباری میں کئی فلسطینیوں کی شہادت کا اعتراف کیا ہے۔

اسامہ حمدان نے کہا کہ اسرائیلی فوج کا ناقابل تسخیر ہونے کا تصور 7 اکتوبر کی کارروائی کے بعد تباہ ہوچکا۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں فلسطینی اب بھی غزہ شہر میں موجود ہیں جو ثابت قدم ہیں۔ قابض اسرائیلی فوج کو ایک ایک میٹر فاصلہ طے کرنے کی بھاری قیمت چکانی پڑتی ہے۔اسامہ حمدان نے کہا کہ اسرائیلی قبضے سے الشفا اسپتال میں نومولود بچوں کی جان کو خطرہ ہے۔

اسرائیل نے پراپیگنڈا کیا کہ الشفا کمپلیکس فوجی ہدف ہے۔انہوں نے کہا کہ اسپتالوں کو نشانہ بنانے پر اسرائیل کو القسام بریگیڈ کے ہاتھوں جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔حماس رہنما نے کہا کہ جنگ جتنی لمبی ہوگی، غزہ کی ریت میں قبضے کے پائوں اتنے ہی زیادہ دھنس جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں