وزیراعلی بلوچستان

بلوچستان کو مدد کی اشد ضرورت ہے، وزیراعلی بلوچستان

کوئٹہ (نمائندہ عکس ) وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان سیلاب، بارشوں سے شدید متاثر ہے اور وہاں امداد کی اشد ضرورت ہے، انفراسٹرکچر کا نقصان تقریبا 200 ارب روپے سے زائد ہے، بلوچستان بدترین صورتحال سے گزر رہا ہے، اتنی تباہی ہے کہ حکومت کا ہر ایک شخص تک پہنچنا مشکل ہے۔

کوئٹہ میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگ کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں ہمارے پاس دینے کیلئے ٹینٹ نہیں ہیں جبکہ زمینی اور ریلوے رابطے معطل ہونے سے آنے والے دن مشکل ہیں ۔

وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ لوگ بلاوجہ کہتے ہیں سورہا ہوتا ہوں میں کہتا ہوں سوتے ہوئے اتنا کام کررہا ہوں جاگ گیا تو کیا ہوگا؟ لوگ کیا پاگل ہیں جو ہر وقت سونے والے کو وزیراعلی اور پارٹی کا صدر بنائیں گے؟ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کارروائیوں میں پاک فوج ہماری مدد کر رہی ہے جب کہ گیس، بجلی اور موبائل فون سروس کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بلوچستان کے لیے 10 ارب روپے کی گرانٹ کے اعلان پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں