ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

بلاول صاحب پیپلزپارٹی کے دور کی کرپشن کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد(عکس آن لائن )وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول صاحب پیپلزپارٹی کے دور کی کرپشن کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے، ابو اور پھوپھو سے کہیں لوٹا پیسہ واپس کر دیں، مہنگائی ختم ہو جائےگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا پاکستان کے عوام کا خون چوس کرغریبوں کے پیسے پر پلنے والے آج حکومت میں کفیل ڈھونڈ رہے ہیں، مافیا کے سرغنہ لندن میں ہیں، خواجہ آصف صاحب کو چاہیے وہاں رابطہ کریں۔

انہوں نے کہا پارلیمنٹ ہاوس کے باہر اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج ان کی سیاسی محرومیوں کے ماتم کے سوا کچھ نہیں۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا اپوزیشن جماعتیں عوام کے لئے نہیں اپنے سیاسی مفادات کے لیے احتجاج کر رہی ہیں، ان کے پیٹ میں عوام کی ہمدردی کا نہیں بلکہ اپنی کرپشن اور اقتدار کا درد ہو رہا ہے، احتجاج کرنے والے عوام کے وہ مجرم ہیں جنہوں نے اس قوم کو غربت، قرض اور مہنگائی کی دلدل میں دھکیلا۔ انہوں نے کہا یہ ان لوگوں کے نمائندے ہیں جنہوں نے پاکستان کے ہوائی اڈے تک عالمی اداروں میں گروی رکھے، یہ ان لوگوں کا احتجاج تھا جو عوام کے خرچے پر اب بھی مزے اڑا رہے ہیں، اقتدار میں رہ کر انہوں نے قوم سے اس کی زندگی اور مستقبل چھین لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں