چیئرمین سینیٹ

برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (عکس آن لائن)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کررہے ہیں،برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سے گفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ چیئرمین مین سینیٹ نے ڈاکٹر فیصل کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

انہوں نے ڈاکٹر فیصل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی بطور پاکستانی ہائی کمشنر خدمات سے پاکستان اور برطانیہ کے دو طرفہ تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے ڈاکٹر فیصل کو ماحولیات، تجارت، آئی ٹی، تعلیم کے شعبوں میں برطانیہ کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئے۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد معیشت کے استحکام میں مدد گار ثابت ہوگا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ کاروباری و معاشی روابطدونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ امید ہے آپ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں