بجٹ 2021 میں کم آمدنی والا طبقہ عمران خان کے نشانے پر ہے، بلاول بھٹو

کراچی(عکس آن لائن ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بجٹ 2021 میں کم آمدنی والا طبقہ عمران خان کے نشانے پر ہے، پی ٹی آئی حکومت معمولی تنخواہیں لینے والوں پر معاشی بوجھ ڈالنا چاہتی ہے۔

اپنے ایک بیان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی بجٹ میں عام آدمی کو معاشی طور پر کچلنے کی سازش کو ناکام بنائے گی، ملک میں مہنگائی کی شرح 20 فیصد کی بلندی کو چھو رہی ہے، تنخواہ دار طبقے کو ٹیکسوں میں جکڑ دیا گیا تو اس سے بڑا کوئی ظلم نہیں، عمران خان غریبوں سے ٹیکس وصول کر کے عوام دشمنی ثابت کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بجٹ سے چند دنوں قبل پہلے محکمہ خزانہ کے سیکریٹری کو بدلا اور پھر معاشی تباہی کو جعلی معاشی ترقی میں تبدیل کر دیا، اعدادوشمار کا ہیر پھیر کر کے عمران خان اپنے مداحوں سے واہ واہ سمیٹ سکتے ہیں مگر عوام وزیراعظم کے معاشی خوش حالی کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، ایک کے بعد ایک ملکی تاریخ کے ناکام ترین بجٹ پیش کرنے والی پی ٹی آئی حکومت کے معاشی جرائم کبھی معاف نہیں کئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں