سعد رفیق

بانیٔ پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط لکھنا قومی جرم ہے: سعد رفیق

لاہور( عکس آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی آئی کا ایم ایف کو خط لکھنا قومی جرم ہے۔

اپنے ایک بیان میں سعد رفیق نے کہا ہے کہ میرا خیال تھا کہ جیل انسان کے اندر مثبت تبدیلی لاتی ہے، میرا خیال غلط ثابت ہوا۔

انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کا اقدام ملک کو نقصان پہنچائے گا، ان کے دور میں پنجاب کا اسٹرکچر ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نفرت کا مقابلہ نفرت سے نہیں کریں گے، لوگوں کے ذہنوں کو گمراہ کیا گیا لیکن ہم ایسا نہیں کرنے دیں گے، نفرت، تقسیم اور تعصب ملک کو مزید کمزور کرے گا۔

ن لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ جس کی حکومت نہیں بن رہی وہ کہتے ہیں کہ دھاندلی ہوئی، وہ لوگ قانون کا سہارا نہیں لیتے، غلط بیانی کرتے ہیں، ہم نے الیکشن میں کبھی بھی جھوٹ نہیں بولا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ہمیں مشورہ دیا جا رہا ہے کہ پی ٹی آئی والی زبان استعمال کریں مگر ہم ایسا نہیں کریں گے، پی ٹی آئی گالیاں دے کر اپنا راستہ بنانا چاہتی ہے تو وہ نہیں بنے گا۔

ن لیگی رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ مریم نواز مسلم لیگ ن کی شائننگ اسٹار ہیں، ہم نے مرکز میں وفاقی حکومت کا بوجھ نہ اٹھانے کا کہا تھا، پارٹی قیادت نے اب یہ فیصلہ کر لیا ہے تو چیلنجز کا سامنا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں