بائیڈن انتظامیہ

بائیڈن نے یوکرینی پائلٹس کو ایف 16 طیاروں کی تربیت کی منظوری دیدی

واشنگٹن (عکس آن لائن)بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ امریکہ نے ایف سولہ لڑاکا طیاروں پر یوکرین کے پائلٹوں کو تربیت دینے کے لیے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ کوششوں کی حمایت کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عہدیدار نے بتایا کہ اس سے یوکرین کی فضائیہ کی صلاحیتوں کو مضبوط اور بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ جیسے جیسے تربیت آنے والے مہینوں میں ہو رہی ہے۔

اس کوشش میں حصہ لینے والے ملکوں کا ہمارا اتحاد یہ فیصلہ کرے گا کہ اصل میں جیٹ طیارے کب فراہم کیے جائیں، کتنی تعداد اور یہ طیارے یوکرین کو کون فراہم کرے۔یہ تربیت یوکرین سے باہر یورپ کے مقامات پر ہو گی اور اسے مکمل ہونے میں مہینوں لگیں گے۔ عہدیدار کے مطابق آنے والے ہفتوں میں تربیت شروع ہونے کی امید ہے۔

اب تک امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے یوکرین کو اس موسم بہار اور موسم گرما میں منصوبہ بند جارحانہ کارروائیوں کے لیے درکار نظام، ہتھیار اور تربیت فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کیے رکھی ہے۔امریکی عہدیدار نے بتایا کہ یوکرین کی فضائیہ کو بہتر بنانے کے بارے میں بات چیت یوکرین کے اپنے دفاع کے لیے ہماری طویل مدتی وابستگی کی عکاسی کرتی ہے۔ یوکرین کے صدر زیلنسکی نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے تاریخی قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں