وسیم اختر

ایم کیو ایم نے بلاول بھٹو زرداری کی پیشکش کو مسترد نہیں کیا ہے۔وسیم اختر

کراچی(عکس آن لائن) میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے بلاول بھٹو زرداری کی پیشکش کو مسترد نہیں کیا ہے۔ہم سندھ کے مفاد میں تعاون کے لیے تیار ہیں تاہم پہلے ہمارے تحفظات دور کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی اور لوکل گورنمنٹ میں اختیارات اور وسائل کی تقسیم کے حوالے سے انصاف پر مبنی فیصلے کرنے ہوں گے جس کے بعد پارٹی اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔

کورنگی میں سماجی تنظیم ’’ڈیوکون‘‘ کی جانب سے کورنگی زون کے 8 اسکولوں میں فرنیچر فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہمیں حکومت بنانے میں استعمال کیا جاتا رہا اب کوشش کی جا رہی ہے کہ حکومت توڑنے میں بھی استعمال ہوں۔سندھ کے عوام دونوں جماعتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں،پی ٹی آئی کے ساتھ سندھ کی ترقی کے حوالے سے جو معاہدہ ہوا اس پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب صرف سیاسی بیانات کا نہیں عمل کا وقت ہے۔قبل ازیں پاکستان میں بچوں کی فلاح و بہبود، عورتوں کی معاشی ترقی اور نوجوانوں کی معیاری تعلیم کے لیے کام کرنے والی سماجی تنظیم ’’ڈیوکون‘‘ کی جانب سے کورنگی زون کے 8 اسکولوں کے 900 طلبہ وطالبات کے لیے 94 لاکھ روپے مالیت کا فرنیچر عطیہ کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں کورنگی زون کے 8 اسکولوں میں اساتذہ کے لیے کرسی،ٹیبل، بک شیلف، لیبارٹری شیلف اور ٹیبل کلاس روم کا مکمل فرنیچر اور تین اقسام کی 900 ڈیسک فراہم کی گئیں۔ تقریب میں ڈیوکون کے سی ای او نثار احمد نظامانی اورکوآرڈینیٹر نسرین میمن نے تنظیم کی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات بتائیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئرکراچی وسیم اختر نے کہا کہ ڈیوکون کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ بلدیاتی اداروں کے ساتھ مل کر تعلیم پر کام کر رہے ہیں۔یہ بہت اہم شعبہ ہے کہ بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کیا جائے۔ ملک میں 73 سال کے دوران تعلیم کے شعبے میں سب سے کم بجٹ رکھا جاتا رہا ہے اور تعلیم ہماری ترجیحات میں شامل نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ سیکڑوں اسکول کاغذوں پر تو ہیں لیکن ان کا کہیں وجود نہیں جس کی وجہ سے ہم تعلیم میں بہت پیچھے ہیں۔

این جی اوز اور پرائیویٹ سیکٹر تعاون نہ کرتے تو صورت حال بہت خراب ہوتی۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ ادارے چلانے میں تعاون کریں۔ تقریب سے خطاب میں کاٹی کے صدرجنید نقی نے کہا کہ ڈیوکون تعلیم پر بہت کام کر رہا ہے۔ بلدیہ کورنگی کے چیئرمین سید نیئر رضا نے کہا کہ 2016 ء-04 میں جب بلدیاتی نظام آیا اس وقت سے کوشش کررہے تھے کہ اسکولوں میں فرنیچر مہیا ہو مگر اس کے لیے وسائل دستیاب نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایم سی کے پاس اتنا فنڈ نہیں کہ اسکولوں کی ضروریات کو پورا کر سکیں۔ ڈیوکون نے دو انسٹیٹیوٹ بھی قائم کئے ہیں جن سے علاقے کی تعلیمی و تدریسی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
#/S

اپنا تبصرہ بھیجیں