ہمایوں اختر خان

اپوزیشن نے اوپن بیلٹ کے معاملے پر صرف عمران خان کے بغض میں ضد کی ہوئی ہے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)اورپیپلزپارٹی بتائے کیا میثاق جمہوریت کے دستخط شدہ مسودے میں سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ پر کرانے کی شق شامل نہیں ہے ،اپوزیشن نے صرف وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں ضد کی ہوئی ہے ،پی ڈی ایم جس مرضی نام سے تحریک شروع کرلے ناکامی ہی ان کا مقدررہے گی ، اب ملک و قوم کی ترقی کا لانگ مار چ ہوگا اور جو اس کی راہ میں رکاوٹ بنے گا وہ سیاسی طو رپر روندا جائے گا ۔

حلقہ این اے 131کے اکابرین کے وفدسے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوںاخترخان نے کہا کہ تحریک انصاف کی وفاق او رتین صوبوں میں حکومت ہے ہمیں سینیٹ انتخابات میں کوئی خطرہ نہیں لیکن اس کے باوجودہم نے شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے عملی پیشرفت کی ہے ۔کون سینیٹ انتخابات میں شفافیت چاہتا ہے اورکون رکاوٹ بن رہا ہے وہ عوام کے سامنے واضح ہے ۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں تحریک انصاف بڑی جماعت بن کرابھرے گی جس سے اصلاحات کے حوالے سے قانون سازی میں مزید آسانیاں پیدا ہوں گی ۔

انہوںنے کہا کہ اپوزیشن سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ پر کرانے کے حوالے سے بلاجواز ضد کررہی ہے اور اس کے پیچھے صرف وزیر اعظم عمران خان سے بغض کاعنصرکارفرما ہے ۔ انہوںنے حلقے کے لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ دیرینہ مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیںگے اورحلقے کے ترقی کے لئے مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں