میاں اسلم اقبال

اپوزیشن باقی ماندہ کیسز کے خاتمے کیلئے اسمبلیوں کی طوالت چاہتی ہے ‘میاں اسلم اقبال

لاہور (نمائندہ عکس)سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پہلی اپوزیشن ہے جو حکومت سے اسمبلیاں تحلیل نہ کرنے کا کہہ رہی جبکہ اپوزیشن باقی ماندہ کیسز کے خاتمے کیلئے اسمبلیوں کی طوالت چاہتی ہے ،پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاسوں میں اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ کا فیصلہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی حلقہ 151 میں ایل او ایس روڑ پر جہانگیر پارک اور ہاموشاہ پارک کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ دونوں پارکوں میں عوام کے لئے تفریحی سہولیات کو بہتر بنایا گیا ہے۔حکومت پنجاب صوبے بھرکے پارکوں کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت بہتر بنارہی ہے۔سڑکوں سے زیادہ پارکس بنانا ضروری ہے تاکہ عوام کو بہتر تفریح ملے۔

اسی طرح صوبے میں خواتین کیلئے بہترین سہولیات سے آراستہ لیڈیز پارک بنائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی اپوزیشن ہے جو حکومت سے اسمبلیاں تحلیل نہ کرنے کا کہہ رہی ہے۔ اپوزیشن کے بڑوں کے کرپشن کے 75فیصد کیسز ختم ہوچکے جبکہ30فیصد کیسز باقی ہیں۔ سینئر وزیر نے کہا کہ اپوزیشن باقی ماندہ کیسز کے خاتمے کیلئے اسمبلیوں کی طوالت چاہتی ہے جبکہ تحریک انصاف کے پی کے اور پنجاب اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاسوں میں اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ کا فیصلہ ہوگا۔18ویں آئینی ترمیم کے دعویداروں نے افسران نہ دے کر حکومت پنجاب کے نظام کو مفلوج کر رکھا ہے۔

اسکے ساتھ ساتھ وفاق نے پنجاب کے ڈیڑھ سو ارب روپے کے فنڈز بھی روک رکھے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف اس ظالمانہ اور جابرانہ نظام کا مزید حصہ نہیں رہنا چاہتی اورہم عوام کے پاس جانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے جسے چاہیں گے پاکستان پرحکمرانی کا حق دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں