مریم اورنگزیب

اِس حکومت کی کارکردگی کی مثال ہٹلر کے وز یر ِ اطلاعات گوئبلز والی ہے ، مریم اورنگزیب

اسلام آ باد (عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اِس حکومت کی کارکردگی کی مثال ہٹلر کے وزیرِ اطلاعات گوئبلز والی ہے ،عمران صاحب حکومت ”گوئبلز کی طرح جھوٹ کے محل کھڑے کرو،مخالفین کو ختم کرو“ پالیسی پر چل رہی ہے ،جھوٹ، الزام، گالی اور پھر بات سے مکر جانے کی کارکردگی پر ایک روپیہ وزارت کو نہیں دینا چاہئیے ،کیا اپوزیشن کو گالی دینے جھوٹ بولنے اور الزمات لگانے کے لئے وزارت اطلاعات کو پیسے دیں؟ ،۔

پیر کو بجٹ کٹوتی کی تحریکوں پر قومی اسمبلی میں بحث کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا پاکستان تحریکِ انصاف کی نظریاتی اساس گوئبلز سے اٹھتی ہے ۔ انہوں نے کہا صحافی سڑک پہ، ان کی زبان بند، چولہے ٹھنڈے اور اب میڈیا ڈیولپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے ذریعے اظہارِ رائے کا قتل ہونے جا رہا ہے،میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اعلان کے بجائے صحافیوں کے تحفظ اور سلامتی کے لئے فوری قانون سازی کی جائے ،میڈیا ڈویلپمنٹ کے کالے قانون کی ضرورت نہیں، اس کے لئے بجٹ میں پیسہ رکھنے کی ضرورت نہیں ،صحافیوں اورمیڈیا کے تحفظ اور سلامتی کے قانون کی فوری ضرورت ہے ،فلم اور کلچر پالیسی بالکل ختم کردی گئی ہے، ملک کا امیج کیسے بہتر ہوگا؟ ،فنکاروں کی فلاح وبہود کے لئے بجٹ میں کچھ نہیں، صورتحال مایوس کن ہے ۔

انہوں نے کہا مطیع اللہ، ابصار عالم اور اسد طور پر حملوں کی تحقیقاتی رپورٹس منظر عام پر لائی جائیں ،جتنی جلدی سیاسی انتقام کے ریفرنس بنتے ہیں، اتنی رفتار سے تحقیقاتی رپورٹس کیوں سامنے نہیں آتیں؟،پی ٹی وی پر پارلیمان کی طرح سٹینڈنگ کمیٹیوں کے اجلاس کی کارروائی دکھانے کا بھی فوری انتظام کیاجائے ،ثقافت، ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے ذریعے پاکستان کے تشخص کو فروغ مل سکتا ہے ،عمران صاحب صحافیوں کو گولیاں اور اپوزیشن کو بجٹ کتابیں مار کر پاکستانیت کو فروغ نہیں دیاجاسکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں