مرتضیٰ سولنگی

اوگراپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قیاس آرائیوں کا حصہ نہیں، وزیراطلاعات

اسلام آباد (عکس آن لائن)نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ اوگرا واحد ادارہ ہے جو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بارے میں اعلان کرتا ہے، وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قیاس آرائیوں کا حصہ نہیں۔سینئر صحافی خلیق کیانی کی ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے مرتضی سولنگی نے منگل کو اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کو سراہتے ہیں کہ اس نے ہر ایک کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قیاس آرائیوں سے اجتناب کرنے کا کہا۔

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ ان قیاس آرائیوں کا حصہ نہیں ہیں، ایک پریس کانفرنس کے دوران ان سے پوچھا گیا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس پر میں نے واضح طور پر کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بنیادی طور پر تعین عالمی مارکیٹ میں قیمتوں اور ڈالر کی شرح تبادلہ سے ہوتا ہے۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ یہ بتائے بغیر کہ امکان قریب ہے یا نہیں، میں نے اسی دن ایک شائع ہونے والی رپورٹ کا ذکر کیا جس میں قیمتوں میں کمی کے حوالے سے پیشنگوئی کی گئی تھی۔

مرتضی سولنگی نے کہا کہ یہ اوگرا کا اختیار ہے اور اوگرا ہی واحد ادارہ ہے جو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بارے میں اعلان کرتا ہے۔ نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے اس بات کا کوئی اشارہ نہیں دیا جیسا کہ ایک قومی انگریزی روزنامہ میں رپورٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخبار اور صحافی دونوں کو اس حوالے سے کوئی نتیجہ اخذ کرنے سے پہلے مجھ سے پوچھے گئے سوال اور اس کا مکمل جواب سن لینا چاہئے، یہ ان کے لئے مددگار ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں