شیخ رشید احمد

امید ہے کالعدم ٹی ایل پی سے تمام معاملات طے پا جائیں گے، شیخ رشید احمد

اسلام آباد(عکس آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ امید ہے کالعدم ٹی ایل پی سے تمام معاملات طے پا جائیں گے۔مار گلہ ہائی وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جتنا کام کرتے ہیں اتنا کسی نے نہیں کیا، عمران خان ملک دشمنوں کو شکست دیں گے، ملک میں ٹانگ کھینچنے والوں کی کمی نہیں، کچھ لوگ موقع کی تلاش میں رہتے ہیں،

بعض لوگ اسلام آباد کے لئے صرف اسلام کو استعمال کرنا چاہتے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ بعض لوگ اسلام آباد کی طرف صرف ترسی ہوئی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اللہ نیتوں کا پھل دیتا ہے اور نیتوں کا پھل دے رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ وہ لوگ جن کے عقیدے نہیں ملتے وہ بہانے اور موقع کی تلاش میں ہوتے ہیں، لیکن وہ نہیں جانتے جس کا نام عمران خان ہے اس نے شکست کھانا نہیں سیکھی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بعض لوگ اسلام کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتے ہیں لیکن ان شاء اللہ وزیراعظم عمران خان اسلام اور ملک دشمنوں کو شکست دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے، حکمرانی دیتا ہے اور چھین بھی لیتا ہے، بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ حکمرانی ہماری وجہ سے ہے۔اس سے قبل اپنے وڈیو بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ بات چیت چل پڑی ہے ، شیخ رشید پہلا دور بہتری سے مکمل ہوا ہے ، انہوں نے 11 یرغمالی پولیس افسران و اہلکاروں کو چھوڑ دیا ہے، 192 دھرنوں میں سے ایک دھرنا رہ گیا تھا اس میں بھی بہتری آگئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ٹی ایل پی کے لوگ مسجد رحمتہ اللعالمین میں جاچکے ہیں اور پولیس بھی پیچھے ہٹ گئی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کامیابی سے مذاکرات کئے ہیں، اللہ سے امید ہے ٹی ایل پی سے معاملات خوش اسلوبی سے طے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں