امپائر احسن رضا

امپائر احسن رضا آج ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں اپنی نصف سنچری مکمل کرلیں گے

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں احسن رضا ایک نیا ریکارڈ قائم کریں گے۔ 27جنوری بروز پیر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول میچ پاکستانی امپائر احسن رضا کے کیرئیر کا 50واں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا۔ وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کے پہلے امپائر ہوں گے۔اس فہرست میں دوسرا نمبر بھی پاکستانی امپائر، علیم ڈار کا ہے۔

10سالہ ٹی ٹونٹی کیرئیر میں علیم ڈار کے میچوں کی تعداد 46 ہے۔ 36 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے شوزب رضا ، اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔حسن رضا گذشتہ چند سالوں سے آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل آف امپائرز کا حصہ ہیں۔ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر احسن رضا نے بین الاقوامی سطح پر اپنے امپائرنگ کیرئیر کا آغاز فروری 2010 میں کیا۔انہوں نے پہلی مرتبہ بطور امپائرافغانستان اور کینیڈا کے درمیان شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں شرکت کی۔انہوں نے اسی سال اکتوبر میں ابوظہبی کے میدان میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچ میں امپائرنگ کرکے اس فارمیٹ میں پہلی بار قدم رکھا۔ احسن رضا اب تک کل 85 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

احسن رضا آئندہ ماہ آسٹریلیا میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 میں بھی امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ احسن رضا کا کہنا ہیکہ ہر فرد اپنے شعبے میں زیادہ سے زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے کوشاں رہتا ہے، انہیں فخرہیکہ وہ پیر کے روز 50ویں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دینے والے دنیا کے پہلے امپائر بن جائیں گے۔ احسن رضا نے کہاکہ وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر یہ ریکارڈ بنانے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہاگو کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں کھیل جلدی ختم ہوجاتا ہے مگر یہاں گیم کی رفتار بہت تیز ہوتی ہے، جس کے باعث امپائرنگ کے دوران کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔احسن رضا نے کہا کہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں گیم کی رفتار تیز ہونے کے باعث امپائرز پر بھی پریشر ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریورس سوئیپ، پیڈل سوئیپ سمیت کئی ایجادات کے باعث اس طرز کی کرکٹ میں امپائرز کو ہر وقت چست رہنا پڑتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں