مظاہرے

امریکا،بھارت کے متنازع شہریت قانون کےخلاف 30شہروں میں مظاہرے

واشنگٹن(عکس آن لائن) بھارت کے نئے شہریت قانون کے خلاف امریکا کے 30شہروں میں احتجاج کیا گیا جس میں ہزاروں بھارتی نژاد امریکیوں نے سڑکوں پر نکل کر اپنی برہمی کا اظہار کیا۔ واشنگٹن میں وائٹ ہاﺅس کے باہر سیکڑوں افراد نے جمع ہو کر وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے بازی بھی کی، مظاہرین نے وائٹ ہاﺅس کے باہر علامہ اقبال کی نظم سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا گائی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کے نئے شہریت قانون کے خلاف امریکا کے 30شہروں میں احتجاج کیا گیا جس میں ہزاروں بھارتی نژاد امریکیوں نے سڑکوں پر نکل کر اپنی برہمی کا اظہار کیا۔ واشنگٹن میں وائٹ ہاﺅس کے باہر سیکڑوں افراد نے جمع ہو کر وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے بازی کی، ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم ملک کے سیکولر آئین کو مجروح کررہے ہیں۔

علاوہ ازیں سیکڑوں مزید افراد نے بھارت کے یومِ جمہوریہ کی تقریب کے موقع پر بھارتی سفارتخانے کے سامنے مہاتما گاندھی کے مجمسے کو گھیر کر احتجاج کیا۔سفارتخانے کے اہلکاروں اور سیکیورٹی عملے نے مظاہرین کو مرکزی گزرگاہ کے قریب آنے سے روکنے کی کوشش کی تاہم مظاہرین کے پرامن طریقے سے آگے بڑھنے پر اسے ترک کردیا گیا۔بھارت میں ہم وطنوں کی طرح واشنگٹن میں بھی مظاہرین اردو شاعری سے متاثر دکھائی دیے اور سفارتخانے کے باہر احتجاج کرنے والوں کے ساتھ شامل ہونے سے پہلے انہوں نے وائٹ ہاﺅس کے باہر علامہ اقبال کی نظم سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا گائی۔

علاوہ ازیں خالصتان کے سیکڑوں حامیوں نے بھی بھارتی سفاتخانے کے باہر مظاہرے میں حصہ لیا لیکن وہ ایک علیحدہ حصے میں موجود تھے جو پولیس نے ان کے لیے بنایا تھا۔وائٹ ہاﺅس کے باہر مظاہرین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو درخواست دی کہ فروری میں دورہ بھارت کے موقع پر نریندر مودی سے متنازع شہریت قانون واپس لینے کا کہا جائے۔انہوں نے امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو پر زور دیا کہ بھارت کو اس فہرست میں شامل کیا جائے جہاں مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزی ہوتی ہے، اس فہرست میں شمولیت معاشی پابندیوں کا سبب بن سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں