شیخ رشید

اللہ کے بعد اس ملک کی حقیقی ذمہ داری سپریم کورٹ پر آ گئی ہے، شیخ رشید

راولپنڈی(نمائندہ عکس ) سابق وزیرداخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اللہ کے بعد اس ملک کی حقیقی ذمہ داری سپریم کورٹ پر آ گئی ہے، جس کام کے لئے چور امپورٹڈ حکومت کو لایا گیا ہے اتنی ہی ان کی معیاد ہے مذاکرات سے کچھ نہیں نکلے گا ،

حکمران اپنے کیس ختم کروانے آئے ہیں اور اب وہ جیل جانے سے ہر صورت بچنا چاہتے ہیں،جمہوریت غنڈہ گردی کی بھینٹ چڑھی ہوئی ہے، بکنے والے لیڈر آف اپوزیشن اور جھوٹ بکنے والے حکمران بن گئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکمران اپنے کیسز پر فرد جرم عائد نہیں ہونے دے رہے، کبھی ملک سے باہر چلے جاتے ہیں کبھی دوسرے شہر چلے جاتے ہیں اور کبھی کمر میں درد نکل آتی ہے، ایف آئی اے، اے این ایف اور نیب شدید ترین دبا میں ہے سپریم کورٹ اس کا نوٹس لے، اللہ کے بعد اس ملک کی حقیقی ذمہ داری سپریم کورٹ پر آ گئی ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جو لوگ مہنگائی ختم کرنے کا نعرہ لگاتے تھے انہوں نے غریب کو ہی تل دیا ہے، کھانے پکانے کے گھی میں 200 روپے فی کلو کا ایک دن کا اضافہ ظلم عظیم ہے، کھاد کی قیمتوں میں بھی سبسڈی ختم کردی گئی ہے، 8 سے 12 گھنٹے کی روزانہ لودشیڈنگ ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں، جتنے عمران خان نے ساڑھے تین سال میں غیر ملکی دورے کیے اتنے امپورٹڈ حکومت نے ایک مہینے میں کرلیے، اللہ تعالی اس ملک کی معیشت جمہوریت مہنگائی اور لوڈشیڈنگ پر رحم فرمائے، جس طرح ملک اور صوبے پر قبضہ کروایا گیا اس کا نوٹس سپریم کورٹ ہی لے سکتا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو جو وحشیانہ طاقت کا استعمال کیا گیا اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، اسلام آباد کوئی واشنگٹن ڈی سی نہیں ہے اور یہاں پر خود بھی کئی بار ان لوگوں نے احتجاج کیے ہیں، اور کسی نے ان کو ہاتھ تک نہیں لگایا، اجرتی قاتل راناثنا اللہ ہر روز لوگوں کو ڈرا دھمکا رہے ہیں، اس پر سپریم کورٹ کو از خود نوٹس لینا چاہیے اور فرانزک رپورٹ طلب کرنی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں