طالبان

اقوام متحدہ ہمارے تمام فیصلوں کا احترام کرے، طالبان کا یو این سے مطالبہ

کابل (عکس آن لائن)افغانستان کے طالبان حکام نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے لیے کام کرنے والی خواتین پر پابندی عائد کرنا ملک کا اندرونی مسئلہ ہے جس کا ہر سطح پر احترام کیا جانا چاہیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے لیے مشکلات پیدا نہیں کرنا چاہتے۔ طالبان ترجمان نے کہا وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یہ افغانستان کا اندرونی مسئلہ ہے جو کسی کے لیے مسائل پیدا نہیں کرے گا اور ہر سطح پر اس کا احترام کیا جانا چاہیے۔

ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اس فیصلے میں کوئی تفریق نہیں ہے، لیکن اس کے برعکس مذہبی اور ثقافتی مفادات کو نظر میں رکھتے ہوئے ہم لوگوں کے تمام حقوق کے لیے پر عزم ہیں۔ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانیوں کے پاس اپنے پاوں پر کھڑے ہونے کی صلاحیت موجود ہے لیکن ملک کو درپیش مسائل اقتصادی اور بینکنگ سسٹم پر عائد کی گئی پابندیوں کی وجہ سے ہیں۔ ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اثاثے منجمد کرنے، بینکنگ، سفری پابندیوں اور دیگر پابندیوں کے مسائل حل کریں تاکہ افغانستان اقتصادی، سیاسی اور سکیورٹی کے شعبوں میں ترقی کر سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں