شاہ محمود قریشی

افغان قیادت کے پاس امن کا نادر موقع ہے تاہم امن دشمنوں سے بھی باخبر رہنا ہو گا، شاہ محمود قریشی

نائجر( عکس آن لائن ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے افغان ہم منصب حنیف اتمر کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں پاک، افغان دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل، علاقائی صورتحال سمیت باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے افغان ہم منصب حنیف اتمر کے درمیان ملاقات نائجر کے شہر نیامے میں اسلامی تعاون تنظیم کے 47 ویں وزارتی کونسل اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوئی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان قیادت کے پاس امن کا نادر موقع ہے تاہم امن دشمنوں سے بھی باخبر رہنا ہو گا، پاکستان، دیرپا افغان امن، مہاجرین کی جلد لیکن باوقار وطن واپسی کا خواہاں ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کابل، بامیان دہشت گرد حملوں کی مذمت اور قیمتی جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ دو طرفہ روابط کو مزید مستحکم بنانے میں مددگار ہوگا، خطے میں دیرپا امن، پر امن افغانستان سے جڑا ہے۔ وزیر خارجہ نے اقتصادی تعاون کے فروغ اور دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔ افغان وزیر خارجہ نے جنیوا کانفرنس، افغان امن عمل میں کردار پر وزیر خارجہ شاہ محمود سے اظہار تشکر کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں